محکمہ ایکسائز میں ترقیوں کا معاملہ، محکمہ انسداد رشوت ستانی کا 5 افسران پر تحفظات کا اظہار
لاہور (علی جنید) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس پنجاب کی جانب سے محکمہ انسداد رشوت ستانی پنجاب کو بھیجے گئے مراسلہ کے جواب میں 5 افسران کے بارے میں محکمہ انسداد رشوت ستانی نے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا اور بتایا گیا ہے کہ مذکورہ افسران پر مختلف اوقات میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز پنجاب محمد علی کی جانب سے سکیل 17 سے 18 میں ترقی کےلئے ڈی پی سی کا انعقاد سیکرٹری ایکسائز پنجاب کی سربراہی میں کیا گیا جس میں ڈی جی کی جانب سے تیار کی گئی فہرستوں میں سیکرٹری ایکسائز نے عدم تسلی بخش کا اظہار کیا تھا جبکہ اس ڈی پی سی میں 10 افسران کو فائنل بھی کیا گیا تھا لیکن بعدازاں سیکرٹری ایکسائز پنجاب کے کہنے پر ڈائریکٹر ہیڈکواٹرز کی جانب سے ڈی جی انسداد رشوت ستانی پنجاب کو تحریری مراسلہ ارسال کیا گیا تھا جس میں مذکورہ افسران کے بارے میں کلیئرنس کے بارے میں سوال کیا گیا جس کا جواب انسداد رشوت ستانی پنجاب کی جانب سے 19 مئی کو تحریر کیا گیا لیکن 22 مئی کو محکمہ ایکسائز پنجاب کو موصول ہوا جس کے مطابق مبشر ریاض، عدیل امجد ، ذوالفقار بٹ ، امجد علی خان اور نعیم قادر شیخ پر مختلف ادوار میں مختلف نوعیت کے مقدمات ہیں۔

















