بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں،وزیراعظم

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے آئندہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اور غریب ،متوسط طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،پنشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے، محصولات بڑھانے کےلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے جبکہ وزیر اعظم کو بتایا گیا آئندہ مالی سال کا بجٹ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد 9 جون کو پیش کیا جائے گا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مالی سال 2023-24کے بجٹ کی تیاری کیلئے اہم اجلاس ہوا،معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بجٹ کی تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

شہبازشریف نے کہاعام آدمی کی معاشی مشکلات کم کرنے کےلئے حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے،آئندہ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، انہوں نے ہدایت کی متوسط و غریب طبقے کی مالی مشکلات میں کمی کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم نے اطمینان کا اظہار کیا حکومت کی بروقت حکمت عملی سے یوریا کھاد کی قیمتیں مسلسل کم ہو رہی ہیں جس سے نہ صرف کسان خوش حال ہو گا بلکہ ملک زرعی اجناس میں خود کفالت کی طرف بھی بڑھے گا،وزیراعظم نے خوشی کا اظہار کیا حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں کی وجہ سے 2مہینوں میں کئی سال بعد کرنٹ اکاو¿نٹ سرپلس حاصل کیا گیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے پنشن ریفارمز کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تخلیقی طریقہ کار اپناتے ہوئے پنشن فنڈ قائم کیا جائے تا کہ قومی خزانہ پر بوجھ کم کیا جا سکے اور پنشنرز کی بہترین فلاح و بہبود کو ممکن بنایا جا سکے،انہوں نے کہا محصولات بڑھانے کےلئے ٹھوس اقدامات اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ کیا جائے۔