داتا دربار پر زائرین کی سہولت کا خیال،حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں: اظفر علی ناصر

لاہور (اپنے نمائندے سے) مذہبی امور کمیٹی دربار حضرت داتا گنج بخش کا اجلاس ہوا، وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے بطور چیئرمین کمیٹی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، صوفی شاہد حمید قادری ،گروپ ایڈوائزر مدینہ فاونڈیشن اسلم ترین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر داتا دربار نعمان سیفی بھی شریک ہوئے، اجلاس میں خطیب جامع مسجد داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی، منیجرز شیخ جمیل احمد، طاہر مقصود، طارق محمود جاوید، شیخ محمد امین، شیخ سعید ، ثاقب نسیم بھی شریک تھے۔ اجلاس میں سید عظمت علی شاہ، امجد چودھری، ملک زمان نصیب، شیخ آصف منصور، زاہد انور بٹ، میاں سعید، الحاج تبریز چشتی، منظور گجر، علی اقبال چوہدری، آصف منیر قادری ،میاں عمران ایڈووکیٹ بھی شریک ہوئے۔وزیر اوقاف و مذہبی امور نے کہا کہ کمیٹی کا بنیادی مقصد داتا دربار کی تزئین و آرائش، تعمیرات اور زائرین کے مسائل حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داتا دربار کی توسیع کا منصوبہ پر کام جاری ہے۔ غلام گردش کی توسیع، 25 فٹ چوڑا برآمدہ تعمیر ہو گا۔4 نمبر گیٹ اور محراب کے ساتھ ساڑھے پانچ کنال زمین حاصل کی جائےگی۔ وزیر ہاﺅسنگ نے کہا کہ 39 کروڑ فنڈ کی سمری منظور، 24-2023 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کو شامل کیا جائےگا۔ دوران تعمیر زائرین کی سہولت کا خیال رکھا جائے اور حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں۔ وزیر اوقاف نے کہا کہ بھاٹی چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ بھاٹی چوک ری ماڈلنگ منصوبے سے مزار شریف کے قریب ٹریفک کے مسائل ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 14 سال بعد زائرین کیلئے کار پارکنگ کھولنا بہت بڑی کامیابی ہے۔ سکیورٹی وجوہات کی وجہ سے کار پارکنگ کو بند کیا گیا تھا۔ کسی حکومت کی پارکنگ کھولنے کی ہمت نہ ہوئی۔ اجلاس میں دربار کے فنڈز میں اضافے کیلئے خصوصی کمیٹی کی منظوری دی گئی۔ اوقاف کے ساتھ ساتھ عرس گرانٹ کیلئے کمیٹی فنڈز جمع کرنے کا انتظام کرے گی۔ کمیٹی ممبران نے 13 سال بعد پارکنگ کھلوانے پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری نے کہا کہ مدینہ فاونڈیشن اور داتا دربار کی شراکت سے دربار کی توسیع کا منصوبہ مکمل ہو گا۔ دربار حضرت داتا گنج بخش کے غسل اور عرس کے انتظامات کر رہے ہیں۔ داتا دربار کا 980 واں غسل 27 جولائی ، 9 محرم کو ہوگا۔ دربار حضرت داتا گنج بخش کے980 ویں عرس کی تقریبات 4 سے 6 ستمبر کو منعقد ہوں گی۔ مذہبی امور کمیٹی کا دربار کی تعمیر و تزئین کے حوالے سے گہرا تعلق ہے۔