کچھ کالی بھیڑیں ہاکی فیڈریشن اور حکومتی عہدیداروں کو گمراہ کر رہی ہیں:محمد ثقلین

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین نے کہا ہے کہ کچھ کالی بھیڑیں ایسی ہیں جو ہاکی فیڈریشن اور حکومتی عہدیداروں کو گمراہ کر رہی ہیں۔جونیئر ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے ایشیا کپ میں پاکستان کو اپنے پول میں بھارت یا جاپان کو ہرانا پڑے گا۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے معاملات اور تنازعات مل بیٹھ کر حل کرنے کی ضرورت ہے یکطرفہ کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔آپ فیڈریشن کے عہدیداروں کو بلائیں ان کی بھی بات سنیں اور پھر فیصلہ قوم کے سامنے سنائیں تاکہ کھیل کی بہتری ہو، قومی کھیل ہاکی کے ساتھ ایسا رویہ نہیں رکھنا چاہیے۔محمد ثقلین نے کہا کہ اس وقت پاکستان ہاکی کو اٹھانے کیلئے فنڈز کی ضرورت ہے، بھارت نے ہاکی پر 3ارب روپے لگائے تب کہیں اسے کئی دہائیوں کے بعد اولمپکس میں میڈل ملا۔جب تک انوسٹمنٹ نہیں کی جائےگی نتائج بھی حاصل نہیں ہوں گے۔