پنجاب حکومت نے بلوائیوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کی منظوری دےدی

لاہور ( خبر نگار) پنجاب حکومت نے 9مئی کو آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کاروائی کرنے کے فیصلے کی منظوری دے دی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں 9 مئی کو آرمی تنصیبات و املاک پر حملہ کرنےوالوں کےخلاف قانونی کارروائی کا جائزہ لیا گیا،نگران حکومت نے فوجی تنصیبات و املاک پر حملہ کرنےوالے شرپسندوں کیخلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کے فیصلے کی منظوری دیدی۔

محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں شرپسندوں کیخلاف مقدمات کےلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی بھی اصولی منظوری دیدی گئی،نگران وزیراعلیٰ نے حکام کو 9مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کےلئے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیااورملزموں، سہولت کاروں ،ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کے لئے موثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کردی۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کےلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنائیں، تمام شرپسندوں کےخلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کلمہ انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کردیا، محسن نقوی نے کلمہ انڈرپاس ری ماڈلنگ سی بی ڈی پنجاب بلیوارڈ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو سراہا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا منصوبے کو تکمیل کی طے شدہ تاریخ سے 20روز قبل مکمل کیا گیا ، کلمہ انڈرپاس کو 358میٹر توسیع کرکے از سرنو تعمیر کیا گیا،برکت مارکیٹ سے علی زیب روڈ اور برکت مارکیٹ تک انڈرپاس بھی بنائے گئے ہیں،تقریبا 5کلومیٹر سڑکوں کے نیٹ ورک کو بحال کیا۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا روزانہ تقریبا 3لاکھ سے زائد گاڑیوں کی آسان آمد و رفت سے ٹریفک کے دبا ﺅمیں نمایاں کمی آئے گی،پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت مل رہی ہے،کلمہ چوک، گلبرگ، لبرٹی و دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کا مسئلہ مستقل حل ہو گیا ،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر سی بی ڈی حکام کی کارکردگی کو سراہا۔