گرنفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں :ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ان کے آفس میں بریفنگ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹوریٹ جنرل انڈسٹریز، پرائسزویٹ اینڈ میرز اور صارف تحفظ کونسلوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، ڈی جی انڈسٹریز عائشہ حمید اور ڈائریکٹر صارف تحفظ کونسل محمود احمد بھٹی نے اپنے اداروں کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے دونوں اداروں کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کےخلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے ادارے خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر کام کریں، عوام کو اشیاءضروریہ کی مناسب نرخوں پر فراہمی کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں، صوبائی وزیر نے کہا کہ صارفین کو انکے حقوق کے بارے میں بھرپور آگاہی دی جائے۔متعلقہ ادارے صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے متحرک ہوکر کام کریں، ڈی جی انڈسٹریز نے بتایا کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران گراںفروشی کے خلاف 22لاکھ انسپیکشن کی گئیں اور 4802 مقدمات درج کئے گئے۔ گرانفروشوں کو 23کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے اسی طرح 14 ہزار سے زائد گراںفروشوں کو گرفتار کیا گیا،انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 80مقدمات،209گودام سیل اور 23 لاکھ روپے سے زائد جرمانے کئے گئے، ڈائریکٹر صارف تحفظ کونسل محمود احمد بھٹی نے بتایا کہ کنزیومر کورٹس میں اب تک 50752کیسزفائل ہوئے، 47932نمٹا دئیے گئے، جبکہ اتھارٹی /ڈپٹی کمشنر کے پاس 49073شکایات درج ہوئیں، 47049شکایات نمٹا دی گئیں، انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ کنزیومر پروٹیکش کونسل اور اسکے فیلڈ دفاتر کے پورے نظام کی آٹومیشن کردی گئی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی-