ایم ڈ ی واسا کا احسن اقدام:30 سال بعد افسران، ملازمین میں پلاٹ تقسیم
لاہور (قمر عباس نقوی) ایم ڈی واسا کے محکمے کے افسران اور ملازمین کو پلاٹوں کی فراہمی کی خاطر عملی اقدامات، مختلف کیڈرز کے آفیشل کو 824پلاٹس کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے الاٹ کرنے کا طریقہ کار طے، 4 ہزار کے قریب ملازمین کے نام شامل، لسٹ فائنل، ایل ڈی اے کو فراہم کر دی گئی تاہم دوسری طرف سی بی اے یونین ملازمین کو حقوق دلوانے میں غیر سنجید دکھائی دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق واسا لاہور کو ایل ڈی اے کی جانب سے کوٹہ ہونے کے باوجود پلاٹس کی الاٹمنٹ سے محروم کیا گیا۔ واسا کو 90ءکی دہائی میں آخری دفعہ پلاٹس دئیے گئے تھے اس کے بعد 2004-05میں پھول یونین سی بی اے کی جانب سے کوشش کی گئی لیکن اس میں کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ 30سال گزرنے کے بعد بھی واسا ملازمین کو جو کہ ان کا کوٹہ 1.5بنتا ہے پلاٹس کی فراہمی نہیں کی جا سکی ایم ڈی واسا غفران چودھری کی جانب سے واسا افسران اور ملازمین کو حقوق دلوانے کی خاطر مثبت کردار ادا کرتے ہوئے پلاٹس کے حصول کو یقینی بنایا گیا ہے جو کہ واسا آفیشل کےلئے ایک اہم پیش رفت ہے جبکہ سی بی اے یونین کی کمزوری کے باعث عرصہ دراز سے واسا لاہور کے آفیشل محروم تھے۔ واسا ملازمین و افسران کو کوٹہ کے مطابق 824پلاٹس مختلف رقبہ کے حساب سے الاٹ کئے جائیں گے الاٹمنٹ کی خاطر قرعہ اندازی بذریعہ کیمپیوٹر کی جا رہی ہے اس حوالے سے واسا شعبہ ایڈمن کی جانب سے 3976ریٹائر ڈ فوت شدگان اور حاضر سروس ایسے ملازمین جن کی سروس 2008تک 10 سال بنتی ہے اس کو شامل کیا گیا ہے جس میں سکیل ایک سے 4ملازمین کی تعداد2916سکیل 5سے 10کے 724سکیل 11سے 15کے 174سکیل 16سے 17کے 123سکیل 18اور ان سے اوپر کے افسران 39کی تعداد کو شامل کیا گیا ہے ماضی میں واسا کو 279پلاٹس الاٹ ہوچکے تھے اب اس وقت واسا کو 545پلاٹس الاٹ ہونے ہیں واسا ایڈمن کی جانب سے لسٹ کو ملازمین کی جانب سے واسا کو جوائن کرنے کے بنیادی کیڈرز کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ ریٹائرڈ افسران اور ملازمین کی جانب سے ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی گئی تھی کہ ان کو پلاٹس سے محروم کیا گیا تھا ان کو حق دیا جائے جس پر ہائی کورٹ کی جانب سے فیصلہ دیا گیا ہے کہ ایل ڈی اے واسا ملازمین کو ان کا حق ادا کرے اور ان کے کوٹہ کے مطابق ان کو پلاٹس کی فراہمی کو یقینی بنائے کیونکہ ماضی میںایل ڈی اے ملازمین کو پلاٹس کی الاٹمنٹ کی گئی تھی جبکہ واسا ملازمین کو پلاٹس نہیں دی جا سکے۔ دوسری طرف واسا سی بی اے یونین ملازمین کو حقوق دلوانے میں غیر سنجیدہ دکھائی دے رہی ہے جس سے عرصہ دراز سے واسا انتظامیہ بالخصوص ایم ڈی واسا کی جانب سے ملازمین کو براہ راست بنیادی حقوق کی ادائیگی دیکھنے میں آرہی ہے۔ واسا لیبر یونینز کے رہنماﺅں کا کہنا ہے کہ تیس سال قبل واسا ملازمین کو پلاٹس ملے تھے اس کے بعد کسی بھی سی بی اے کی جانب سے اس پر عملی طور پر آواز بلند نہیں کی گئی۔ سی بی اے مشعل یونین کے رہنماﺅں کی جانب سے غیر سنجیدہ رویہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ ایم ڈی واسا غفران چودھری کی زاتی کاوش سے واسا افسران اور ملازمین کو ایک بار پھر پلاٹس کی الاٹمنٹ کا آغاز ہوا ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔

















