ن لیگ کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے،پرویزالٰہی

لاہور (خبر نگار)سابق وزیراعلیٰ پنجاب و صدر پی ٹی آئی پرویزالٰہی نے کہاہے ن لیگ کو سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے،سپریم کورٹ کے حکم پر پی ڈی ایم مذاکرات کیلئے تیار مگر الیکشن کیلئے نہیں،تفصیلات کے مطابق مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی سے سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت ، اوورسیز پاکستانی ہانگ کانگ کے صدر چودھری گلزار، سابق صدر لاہور بار عاصم چیمہ، چودھری اکرم، سابق وزیر اکرم نے ملاقات کی۔

اس موقع پر پرویزالٰہی نے کہان لیگ کا الیکشن سے فرار کا مطلب ہے اپنی شکست صاف نظر آ رہی ہے، ن لیگ کا پنجاب میں الیکشن کا بائیکاٹ کرنا سپریم کورٹ کے حکم کی کھلی خلاف ورزی ہے، ن لیگ ملک میں غیر جمہوری عمل کو پروان چڑھنا چاہتی ہے ،سیاسی شہید نہیں بننے دیں گے۔

سپریم کورٹ بار بار حکمرانوں کومحفوظ راستہ دے رہی ہے، عمران خان کے بغیر پاکستان کی سیاست نا مکمل ہے ، پی ڈی ایم کو ہر صورت عمران خان سے مذاکرات کرنا ہوں گے، نا اہل حکمرانوں نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔