نگراں حکومت مختصر وقت میں دیرپا اصلاحات کرنے کےلئے کوشاں ہے :ابراہیم مراد
لاہور ( خبر نگار ) وزیر بلدیات ابراہیم مراد نے کہا ہے کہ نگراں حکومت مختصر وقت میں دیرپا اصلاحات کرنے کےلئے کوشاں ہے تاکہ عام لوگوں کی مشکلات میں کمی اور ان کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔ گزشتہ روزایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات شہریوں کو ان کی دہلیز پر خدمات مہیا کرتا ہے،اسے ٹیکنالوجی کے اعتبار سے جدید ترین محکمہ بنانے کی ضرورت ہے، اس مقصد کےلئے فاسٹ ٹریک ڈیجیٹائزیشن کر نے کےلئے ضروری اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا کے اشتراک سے برتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کو جلد حتمی شکل دے دی جائے گی۔ شہری گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے ضروری دستاویزات سکین اور مطلوبہ فیس جمع کرواکر برتھ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔



















