چیئرمین سی ڈی اے کی مسیحی کمیونٹی سے ملاقات،ایسٹرکی مبارکباددی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)وفاقی ترقیاتی ادارے (کپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی)کے چیئرمین کیپٹن نور الامین مینگل نے ایسٹر کے موقع پر مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے عملہ صفائی سے ملاقات کی اور مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارک باد بھی دی۔

ایسٹر کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے اعلان کیا اسلام آباد کے پارکوں میں دستیاب سہولیات کرسچن کمیونٹی کے لئے فری ہونگی،اس ضمن میں پارکوں میں لگے جھولے کرسچن کمیونٹی کے بچوں کے لئے ایسٹر کے موقع پر فری ہوں گے،اس ضمن میں مزید ہدایت کی کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران یقینی بنائیں کہ جھولوں سمیت تمام سہولیات مسیحی برادری کو فری مہیا کی جارہی ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن نور الامین مینگل نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار نہایت اہم ہے،انہوں نے سینیٹیشن ونگ میں کام کرنے والے مسیحی ملازمین کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پرائیویٹ عملہ صفائی میں نقد تنخواہ بھی تقسیم کی۔