عمرانی فتنے کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے،رانا ثنا

فیصل آباد (بیورورپورٹ)وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہے عمرانی فتنے نے ملک کو تباہی کے کنارے لاکھڑا کیا، آئی ایم ایف کی بات نہ مانتے تو مرتے اور مانیں تو عوام متاثر ہورہے ہیں،حکومت انتہائی نامساعد حالات میں ملک کو سنبھال رہی ہے ،جلد مشکلات پر قابو پالیں گے،نواز شریف کے دور میں لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی گئی مگرپھرفتنے کوپورا پلان کرکے لایا گیا، بدقسمتی ہے بد بخت انسان کو پاکستان پر مسلط کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاآئی ایم ایف سے معاہدہ پورا نہ کرتے تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا ، سیاست کی بجائے ریاست بچانے کیلئے کڑوا گھونٹ پیا ،عام انتخابات میں سازشی فتنے کی ملک و عوام دشمن سیاست کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے دفن کردیں تاکہ ن لیگ ایک بار پھر عوامی خدمت اور ملکی تعمیر و ترقی کا سفر شروع کرسکے۔

وزیر داخلہ نے مزید کہاعمرانی فتنے نے معاشرے میں بڑے چھوٹے کی تمیز ختم کردی اور اوئے توئے کا ایسا کلچر متعارف کرایا کہ نوجوان نسل اخلاقی پستی و تباہی کے دھانے پر جاپہنچی،بابا رحمت نے نہ جانے کیسے کیسے فیصلے کیے،عمران خان نے 4 سال انتقام لیا، جھوٹے مقدمات بنائے اور کوئی کام نہیں کیا،عمران خان جیسے فساد کو ووٹ کی طاقت سے مائنس کریں گے۔