محکمہ خوراک عوام کو معیاری اور مفت آٹے کی دستیابی کو یقینی بنا رہا ہے: ترجمان
لاہور (کامرس رپورٹر) ترجمان محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق محکمہ فوڈ عوام کو معیاری اور مفت آٹے کی دستیابی کو یقینی بنا رہا ہے- ترجمان نے بتایا کہ محکمہ خوراک پنجاب نے کچھ مقامات پہ شکایت کے پیش نظر ناقص گندم کی پسائی کے سلسلے میں کمیٹی ثشکیل دےدی ہے جو اس معاملے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے۔ محکمہ خوراک نے کبھی بھی کسی قسم کی ناقص گندم کی پسائی نہ کرنے دی ہے، نہ ہی کرنے دےگااور عوام کو اعلیٰ معیار کا آٹا فراہم کرنے کا پابند ہے۔ ترجمان کے مطابق گندم کے معیار کے حوالے سے جو شکایت موصول ہوئی ہے اس کی مکمل تحقیقات کروائی جا رہی ہیں تاہم یہ بات واضح رہے کہ آٹے کے معیار پہ کسی قسم کا کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا رہا۔اس ضمن میں محکمہ خوراک نے صوبے بھر میں آٹے کے سیمپل لےکر لیبارٹری سے ٹیسٹ کروانے کی مہم کا آغاز کیا ہوا ہے تاکہ آٹے کے معیار بالخصوص رمضان پیکیج کا معیار برقرار رکھا جا سکے۔ لیبارٹری کی رپورٹس بالعموم اطمینان بخش ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ سیکرٹری خوراک زمان وٹو نے تمام فلور ملوں کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ آٹے کے معیار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائےگا،جہاں بھی معیار کی یا وزن کی شکایت آئی، محکمہ خوراک نے فوری ایکشن لیا اور کاروائی عمل میں لایا۔سیکرٹری فوڈ نے مزید کہا کہ جہاں تک ناقص گندم کی موجودگی یا فراہمی کا تعلق ہے، اس کی تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور رپورٹ مکمل ہوتے ہی اگر کسی بھی جگہ پر ایسے شواہد ملے تو ملوث افراد کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائےگی۔



















