نیسپاک قومی اثاثہ، ہمیں پاکستان کی خدمت کرنے پر فخر ہے: ڈاکٹر طاہر مسعود
لاہور (کامرس رپورٹر) نیسپاک نے 23 مارچ 2023 کو یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر اپنی 50 ویں سالگرہ کی تقریب بڑے جوش و خروش سے منائی۔ یہ تقریب نیسپاک ہیڈ کوارٹر لاہور میں منعقد ہوئی۔ نیسپاک پاکستان کی سب سے بڑی اور مایہ ناز انجینئرنگ کنسلٹنگ فرموں میں سے ایک ہے، جو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر اعلیٰ معیار کی انجینئرنگ کنسلٹنسی خدمات فراہم کرتی ہے۔ کمپنی نے پاکستان کے انجینئرنگ کے شعبے کی ترقی کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ تقریب میں نیسپاک کے سابق منیجنگ ڈائریکٹرز، نائب صدور، اہم کلائنٹس، انجینئرز اور ماہرین پر مشتمل معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے نیسپاک کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر طاہر مسعود نے گزشتہ 50 سالوں میں کمپنی کی کامیابیوں اور شراکت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اپنے صارفین اور قوم کو معیاری خدمات فراہم کرنے کیلئے کمپنی کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا، نیسپاک ایک قومی اثاثہ ہے، اور ہمیں پاکستان کی خدمت کرنے اور اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر بہت فخر ہے۔ تقریب میں نیسپاک کے گزشتہ 50 سالوں کے سفر کی نمائش کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی شامل تھی، جس میں کمپنی کے اہم منصوبوں اور کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا اور مختلف کھیلوں کے زمروں میں جیتنے والوں میں انعامات کی تقسیم بھی شامل تھی۔ سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں، نیسپاک نے 24 فروری 2023ءکو کمپنی ملازمین کے بچوں کیلئے ایک فیملی گالا اور 8 مارچ 2023 ءکو یوم خواتین کا بھی اہتمام کیا۔ تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی تقریب کے ساتھ ہوا، جو کہ انجینئرنگ اور کنسلٹنسی سروسز میں نیسپاک کی 50 سالہ شاندار کارکردگی کی علامت ہے۔ کمپنی آنے والے سالوں میں پاکستان کی خدمت کرنے اور اس کی ترقی اور پیشرفت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے اپنے عزم کو جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

















