پنجاب بھر میں ہفتہ صحت منانے کا اعلان


لاہور(ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کا دورہ کیا،وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مختلف شعبوں، ٹی بی لیب و ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا وزٹ اورسرویلنس سنٹر کا معائنہ کیا، وزیر اعلی محسن نقوی نے رورل ہیلتھ ایمبولینس سروس کے تحت 98ایمبولینس کی چابیاں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ ڈاکٹر جمال ناصر کو دیں۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے300الٹراساﺅنڈ مشین 24/7 بنیادی مراکز صحت کے سپرد کر دیں،300الٹراساﺅنڈ مشین کے ذریعے رورل ہیلتھ سنٹرز میں الٹراساﺅنڈ کی مفت سہولت فراہم کی جائے گی، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 20مارچ سے پنجاب بھر میں ہفتہ صحت منانے کا اعلان بھی کیا۔

ہفتہ صحت کے دوران ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں، دیہی و بنیادی مراکز صحت میں عوام کی سکریننگ کی جائے گی، مفت طبی معائنے کیلئے خصوصی کیمپس لگائے جائیں گے، وزیراعلی محسن نقوی نے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈلیوری یونٹ اور ہیلتھ ریڈیو سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا، یونٹ کی تعمیر کے بعد سرکاری ہسپتالوں کا نظام ڈیجیٹلائزڈ ہوجائے گا۔