جج دھمکی کیس میں عمران کے وارنٹ معطلی کاتفصیلی فیصلہ

اسلام آباد(بیورورپورٹ)جج دھمکی کیس میں عمران کے وارنٹ معطلی کاتفصیلی فیصلہ،تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدرگیلانی نے ایک صفحے پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا عمران خان کی جانب سے 13مارچ کو جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو چیلنج کیاگیا ، عدالت پیشی یقینی بنانے کےلئے سیشن عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے،وکیل ملزم کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث عمران خان سیشن عدالت پیش نہیں ہوئے، حکومت کی جانب سے مہیا کی گئی سکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ۔

سکیورٹی واپس لینے کی حکومتی دستاویزات عدالت کو مہیا کرنے کےلئے عمران خان کے وکلا نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی،فیصلے میں مزید کہا گیا عمران خان کے وکلا سکیورٹی واپس لینے والی حکومتی دستاویزات کےساتھ 16 مارچ کو عدالت پیش ہوں ،سیشن عدالت سے جاری عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے احکامات 16 مارچ تک معطل رہیں گے۔