لاہور (نمائندہ خصوصی) حمایت اسلام لا کالج کے سالانہ کھیل میلے میں مہمانِ خصوصی ممتاز سیاست دان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ ڈاکٹر علامہ اقبال کی نظم ”شکوہ“ اور ”جوابِ شکوہ“، جو انہوں نے انجمن حمایت اسلام کے جلسے میں پڑھی تھی، برصغیر کی تاریخ میں ”اہم موڑ“ ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ سے رہنمائی مل سکتی ہے مگر بدقسمتی سے کوئی سبق حاصل نہیں کرنا چاہتے۔
اپنی شناخت سے گریزاں رہتے ہیں۔ ہمارے اندر جو ملاوٹ، برائی اور بداعمالی ہے، ہم اس کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجاے الزام ہندوستان، امریکہ اور برطانیہ پر لگانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دین اور وطن کو کفر کے فتوے لگانے کی نہیں، دوسروں کو برداشت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اظہارِ مسرت کیا کہ کھیلوں کے مقابلے میں طالبات کو بھی طلبہ کے برابر مواقع فراہم کیے گئے۔ انھوں نے قائداعظم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے طلباعلم کو محنت، محنت اور محنت کرنے کی تلقین کی۔
انجمن حمایت اسلام کے صدر سیّد ضیا حیدر رضوی نے خطاب میں اپنے زیرانتظام تعلیمی اداروں اور دارالشفقت فار گرلز اینڈ بوائز کے معیار اور وقار میں مزید اضافے سے متعلق اقدام سے آگاہ کرتے ہوئے تمام شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں پرنسپل جاوید رشید محبوبی نے حمایت اسلام لاءکالج کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں اور کامیابیوں کے حوالے سے تفصیلی خطاب کیا۔
خاص مہمانوں میں جسٹس (ر) رستم علی ملک، جسٹس (ر) میاں نجم الزماں، فخر حیات، میاں محمد منیر، جسٹس (ر) سیّد سخی حسین بخاری، ڈاکٹر شوکت علی، مرزا خادم حسین جرال، سہیل محمود بٹ، مدثر لطیف راں، میاں سعید، خواجہ مشتاق احمد، میاں زاہد جاوید، قاضی خبیب امین، مشتاق پیرزادہ، میاں خورشید انور، آفتاب اسلام آغا، رفیع رضا کھرل، میاں ارشد، ڈاکٹر شفیق سمیت سیکڑوں اساتذہ، ماہرینِ قانون، طلبہ و طالبات شامل تھے۔
بدقسمتی سے تاریخ سے سبق نہیں سیکھنا چاہتے: اعتزاز احسن

















