لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) ایک ہی دن میں ڈالر، بجلی اور شرح سود میں اضافے پر کاروباری برادری میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایف پی سی سی آئی سمیت تمام تاجر تنظیموں کے رہنماو¿ں نے اضافہ مسترد کرتے ہوئے زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے معاشی پالیسیوں کا مطالبہ کردیا۔ روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ حکومت کے ان اقدامات سے جہاں بچی کھچی انڈسٹری بھی بند ہوجائےگی وہیں مہنگائی کا سونامی سب کچھ بہا لے جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی ماہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ میثاق معیشت پر تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو کر طویل مدتی پالیسیاں ترتیب دیں، ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا جائے اور بجلی، گیس کے ریٹ قابل قبول بنائے جائیں۔ سینئر تاجر رہنما میاں زاہد جاوید، فہیم سہگل، میاں سلیم، آغا ذوالفقار، وقار احمد میاں، وسیم علی، میاں ادریس اور عمران کاشف نے کہا کہ ہم بجلی، گیس ڈالر اور شرح سود میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر رہے ہیں، وہ کاروباری برادری کی مشکلات سے آشنا ہیں مگر افسوس ایک طرف امپورٹ رکی ہوئی ہے، اوپر سے سٹیٹ بینک نے شرح سود میں اضافہ کر کے مہنگائی اور بےروزگاری کا طبل بجا دیا ہے۔ تاجر رہنما سےد ممتاز حسین بخاری نے کہا کہ شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر سرمائے کی پہلے ہی قلت ہے ، جب لوگوںکو بینکوںسے منافع ملے گا تو وہ کیوں کسی کاروبار میں لگا کر رسک لیں جبکہ انہیںدیگر مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی میں تو نہیں البتہ سرمایہ کاری میں کمی ہوگی جس کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو مہنگائی تب کم تھی جب شرح سود کم تھی، اصل مسئلہ طلب اور رسد کا ہے، جب تک یہ نہیں ٹھیک ہو گی مہنگائی پر قابونہیں پایا جا سکے گا۔ جو کاروبار قرضوں پر چلتے ہیں سٹیٹ بینک کے فیصلے سے وہ بند ہوجائیں گے جس سے روزگار کے مواقع بھی کم ہوں۔
ڈالر، بجلی مہنگی، شرح سود میں اضافہ، بچی کھچی انڈسٹری بھی بند ہوجائےگی، تاجروں کی دہائی

















