اوکاڑہ میں ڈاکو راج برقرار، مزاحمت پر ایک شخص قتل

اوکاڑہ(بیورورپورٹ) اوکاڑہ میں ڈاکوراج برقرار ، مزاحمت پر ایک شخص کو قتل کر دیا گیا، دوسری طرف ڈاکوﺅں کی گرفتاری کیلئے پولیس نے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی قصبہ 18 جیڈی کے رہائشی محمد رمضان کے گھر آتشیں اسلحہ سے مسلح چارنا معلوم ڈاکو داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور نقدی وغیرہ چھین لئے جس پر محمدرمضان نے مزاحمت کی تو ڈاکوں نے فائرنگ کر کے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے ناکہ بندی کر کے ڈاکوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔نواحی قصبہ نول پلاٹ کا رہائشی رضوان احمد اپنی موبائل شاپ پر بیٹھا تھا کہ اچانک آتشیں اسلحہ سے مسلح تین نا معلوم ڈاکو اندر داخل ہوئے اور گن پوائنٹ پر اس سے ہزاروں روپے نقدی اور 9 عدد موبائل فون چھین کر فرار ہو گئے۔ دوسری واردات میں محمد اقبال اپنی بیوی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر جارہے تھے کہ اچانک راستے میں دیپالپور روڈ با ئی پاس کے قریب آتشیں اسلحہ سے مسلح نا معلوم ڈاکووں نے اسلحہ کے زور پر روکا اور گن پوائنٹ پر ان سے 50 ہزار روپے نقدی، موبائل فون، اور موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔تیسری واردات میں کاشف اور مجید اپنی کار پرسوار جارہے تھے کہ اچانک راستے میں نواحی قصبہ 3 فور ایل کے قریب آتشیں اسلحہ سے مسلح نامعلوم ڈاکوں نے اسلح کے زور پر گن پوائنٹ پران سے ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرارہو گئے چوتھی واردات میں نواحی قصبہ 37 فورایل کے رہائشی ملک قیصر کے احاطہ سے آتشیں اسلحہ سے مسلح نا معلو م ڈاکو گن پوائنٹ پر لاکھوں روپے مالیت کے 11 بکرے اور سولر پلیٹس وغیرہ چھین کرفرار ہو گئے پولیس مصروف کاروائی ہے۔