لاہور: (لیڈر نیوز)اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام ادارے اُلٹے ہوگئے، لیکن ایک ڈھیلا کرپشن ثابت نہیں کر سکے، قبر میں بھی چلا جاﺅں، لیکن حقائق کبھی نہیں بدلیں گے۔ احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران شہباز شریف روسٹرم پر آئے اور بیان دیا کہ نیب اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں نے تمام ریکارڈ نیشنل کرائم ایجنسی لندن کو بھجوا دیا لیکن ان کے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا۔سماعت کے دوران وکیل امجد پرویز نے نیب کے گواہ ایڈیشنل رجسٹرار ایس ای سی پی غلام مصطفیٰ کے بیان پر جرح کی۔ نیب کے گواہ نے کہا کہ شہباز شریف کبھی رمضان شوگر ملز کے ڈائریکٹر نہیں رہے جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ اگر ان کا بس چلے تو مجھے پاکستان بھر کی کمپنیوں کا ڈائریکٹر بنا دیں۔ نیب کے گواہ نے اعتراف کیا کہ اس نے ایسا کوئی ریکارڈ نیب کو فراہم نہیں کیا جس سے شہباز شریف کو مالی فائدہ پہنچا ہو۔عدالت نے نیب کے مزید گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 18 فروری تک ملتوی کر دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ یہ حکومت کئی سو ارب روپے کی غیر ملکی فنڈنگ اور کرپشن کا احتساب کرے، اپنی کابینہ کو ایوارڈز نہ دیں۔
قبر میں بھی چلا جاﺅں، حقائق نہیں بدلیں گے‘ شہباز شریف

















