الیکشن کمیشن نے فوادچوہدری‘اعظم سواتی کی معافی قبول کرلی

اسلام آباد:(لیڈر نیوز) الیکشن کمیشن نے الزامات کے معاملے پر فواد چوہدری اور اعظم سواتی کی معافی قبول کر لی۔ ای سی پی نے اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔الیکشن کمیشن میں اعظم سواتی کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ وفاقی وزیر ریلوے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ ممبر سندھ نثار درانی نے استفسار کیا اعظم سواتی صاحب! آپ مصروف آدمی ہیں، آپ کیوں نہیں آتے؟ آپ کی ذمہ داری زیادہ ہے۔ جس پر اعظم سواتی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو خودمختار بنانے کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی۔ رکن سندھ نثار درانی نے کہا کہ تمام ادارے آپ کے ہیں، انہیں برا کہنا درست نہیں۔ الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن بااختیار ہو، میری معافی قبول کرنے پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، الیکشن کمیشن ای وی ایم پر اچھے فیصلے کرنے جا رہا ہے۔ ای وی ایم کے ذریعے ووٹ کے تقدس کا تحفظ کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کو ہر طرح سے مضبوط کیا جائے گا، الیکشن کمیشن کو مضبوط کرنے کے لیے حکومت شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔


#Election Commission has accepted the apology of Fawad Chaudhry and Azam Swati