آرایس ایس کے ہوتے بھارت کوبیرونی دشمن کی ضرورت نہیں

اسلام آباد:(لیڈر نیوز)وزیراعظم نے کہا ہے کہ آر ایس ایس کے ہوتے بھارت کو کسی بیرونی دشمن کی ضرورت نہیں، پاکستان کو عالمی امور پر تھنک ٹینک کی اشد ضرورت ہے، ہمیں دنیا کے بجائے ہمیں خود ڈیفائن کرناہے ۔ اسلام آباد میں پرامن اور خوشحال جنوبی ایشیا سے متعلق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نائن الیون کے بعد اسلام اور پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ کہا جاتا ہے کہ مغرب سے آنے والی ہر چیز ٹھیک ہے۔ باہر بیٹھ کر کہا جاتا ہے کہ پاکستان بہت خطرناک ملک ہے۔ باہر کے لوگ ہماری تاریخ اور ثقافت کو نہیں جانتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم کشمیر کے معاملے پر بھارت سے بات کرنے کی پوری کوشش کریں گے، ہمیں مذاکرات سے مسائل حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، بدقسمتی سے ہمارا مقابلہ آر ایس ایس کے نظریے سے ہے، آر ایس ایس کا نظریہ بھارت میں پائیدار نہیں ہے۔ ہندوستان میں 50 سے 60 کروڑ لوگوں کو دوسرے درجے کا شہری کہا جا رہا ہے۔افغانستان کے معاملے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلی سرد جنگ سے دنیا کو بہت نقصان اٹھانا پڑا، افغانستان میں لوگ 40 سال سے مشکلات کا شکار ہیں، افغانستان کی صورتحال ہمارے لیے پریشان کن ہے، عالمی برادری نے افغانستان کے اثاثے منجمد کیے ہیں۔ افغانستان کے فنڈز کو منجمد کرنے سے ایک انسانی بحران پیدا ہو سکتا ہے، جس سے دنیا کی توجہ افغان صورتحال کی طرف مبذول کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کے ثمرات سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں، امریکا اور چین کے درمیان خلیج کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے معاملے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا اور پاکستان اور بھارت کو ماحولیاتی تبدیلی پر مل کر کام کرنا چاہیے۔


#PM Imran Khan #with RSS, India does not need any external enemy