بھارت دہشتگردی کاسرپرست،افغانستان میں جائز کارروائیاں کیں،پاکستان
اسلام آباد :(بیورورپورٹ)پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردی کے بنیادی ڈھانچے کےخلاف جائز، ٹارگٹڈ اور متناسب کارروائیوں پر بھارتی وزارت خارجہ کے بے بنیاد بیان کو مسترد کردیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا بھارتی وزارت خارجہ کا بیان بے بنیاد و حقائق کے منافی ،افغانستان میں دہشتگردوں کے بنیادی ڈھانچے کےخلاف جائز کارروائیاں کیں،ترجمان نے کہا مضحکہ خیز بیان ایسے ملک کی جانب سے سامنے آیا جو تاریخی طور پر ہمسایہ ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت ،خودمختاری و علاقائی سالمیت کو اقوام متحدہ منشور کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نقصان پہنچانے کےساتھ مقبوضہ کشمیر میں عوام کے حق خودارادیت کو مسلسل دبا رہا ہے۔
طاہر اندرابی نے کہابھارت افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف سرگرم دہشتگرد گروہوں کی معاونت و سرپرستی میں سرگرم اورمسلسل علاقائی امن میں رکاوٹ ڈالنے والا کردار ادا کر رہا ہے،طرز عمل اقوام متحدہ چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے، پاکستان کےخلاف بھارتی الزامات و اشتعال انگیز بیانات کو سنجیدگی سے نہیں لینا چاہیے،پاکستان بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کےلئے تمام مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور وہ آئندہ بھی کرتا رہے گا۔

















