جوڈیشل کمیشن میں ججز انٹرویو کمیٹی کے معاملے پر اختلاف ،اجلاس کی اندرونی کہانی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)ججز انٹرویو کمیٹی کے معاملے پر اختلاف رائے تاہم قواعد اکثریتی رائے سے منظور کیے گئے،جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق ججز انٹرویو کمیٹی 7 رکنی ہوگی، وفاقی آئینی عدالت، سپریم کورٹ و متعلقہ ہائی کورٹ کے جج صاحبان ،حکومت ،اپوزیشن سے ایک، ایک رکن، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان اور پاکستان بار کونسل کا ایک رکن کمیٹی کا حصہ ہوگا،کمیٹی انٹرویوز کے بعد اپنی سفارشات و رائے جوڈیشل کمیشن کو ارسال کرے گی، کمیٹی کی رائے کو من و عن تسلیم کرنا جوڈیشل کمیشن پر لازم نہیں ہوگا، حتمی فیصلہ جوڈیشل کمیشن کثرت رائے سے کرے گا۔

اندرونی کہانی کے مطابق سپریم کورٹ کے سینئر جج اور جوڈیشل کمیشن کے رکن جسٹس منیب اختر نے انٹرویو کمیٹی میں بار نمائندوں کی شمولیت پر اختلافی رائے دی،پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا،لاہور ہائی کورٹ میں 10 ججز کی تقرری کی جائے گی، نام 4 جولائی تک طلب کر لیے گئے ،اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججز تعینات کیے جائیں گے ،قواعد کی منظوری کے بعد سندھ ہائی کورٹ اور بلوچستان ہائی کورٹ میں بھی تقرریوں کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے۔