ساہیوال (بیورو رپورٹ) پاکستان ریلوے نے ملک بھر کے صحافیوں کو کرنٹ ٹکٹ ایشو کرنا بھی بند کر دیا ۔ ریلوے کی طرف سے صحافیوں کو دی گئی سفری سہولتیں واپس لینے پر ساہیوال پریس کلب (رجسٹرڈ) کے صدر رانا جاوید نثار،نائب صدور جاوید شوکت،افضل کاشف،جنرل سیکرٹری نوید غنی چوہدری،جوائنٹ سیکرٹری میاں رمضان، انفارمیشن سیکرٹری ارشد فریدی ،ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری سلیم کاٹھیا، سپریم کونسل پریس کلب کے ممبران عزیز الحق گورایہ، پرنس عنایت خان، چوہدری اشرف، راحیل آزاد،ممبران پریس کلب رانا سہیل نثار، رانا احسن جاوید اور عرفان خان نے شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو دی گئی ریلوے سفری رعایت فوری طور پر بحال کی جائے۔ ریلوے نے صحافیوں کو سفر کے دوران دی گئی رعایت میں کمی کرتے ہوئے ان کی بیگمات کی سفری رعایت ختم کر دی ہے جبکہ صحافیوں کو ملنے والی 80 فیصد کی رعایت کم کر کے 50 فیصد کر دی ہے اور ایک سال میں اب صحافی جن کے پاس ریلوے کارڈ موجود ہیں وہ صرف 10 مرتبہ سفر کر سکیں گے جبکہ انہیں یہ رعایت بھی صرف ریزرویشن کرانے پر ملے گی انہیں ریلوے اسٹیشن پر کرنٹ ٹکٹ بنانے کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ہے جبکہ کوئی بھی صحافی ریلوے رعایتی ٹکٹ پر پاک بزنس ایکسپریس میں سفر نہیں کر سکے گا۔ ریلوے کے اس اقدام پر پریس کلب کے عہدے داران اور ممبران نے ملک بھر کے صحافیوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے پلیٹ فارم پر ریلوے کے اس اقدام پر احتجاج کریں اور وفاقی وزیر ریلوے سے ملاقات کر کے صحافیوں سے واپس لی جانے والی سفری سہولتوں کو بحال کرائیں۔
ریلوے نے صحافیوں سے کرنٹ ٹکٹ کی سہولت بھی چھین لی، شدید احتجاج
















