لاہور (میاں ذیشان/عکاسی: شاہنواز) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران کی نا اہلی، مجرمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت سے سینکڑوں کنال غیر قانونی رقبہ پر محیط گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے سہولت کاری شروع کر دی۔ ایل ڈی اے افسران کی جانب سے محکمانہ کارروائی پر دانستہ گریز کے باعث شہریوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی داﺅ پر، اربوں روپے کے فراڈ کا راستہ ہموار جبکہ قومی خزانے کو کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم ہونے کا خطرہ بدستور قائم ہے۔ روزنامہ ”مشرق“ کی طرف سے بارہا نشاندہی کے باوجود ترقیاتی ادارہ لاہور کے ڈائریکٹر جنرل اور چیف میٹروپولیٹن پلاننگ کی خاموشی نے عوامی مفاد کو شدید نقصان پہنچایا، ذمہ دار افسران کے خلاف فوری ایکشن ناگزیر ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف کارروائی کے دعوے محض کاغذی ثابت ہونے لگے ہیں جہاں روزنامہ ”مشرق“ کی جانب سے بارہا نشاندہی اور ٹھوس شواہد سامنے لانے کے باوجود لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران کی نااہلی، مجرمانہ غفلت اور مبینہ ملی بھگت کھل کر سامنے آ چکی ہے مگر اس کے باوجود گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے خلاف کسی قسم کی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی، جس سے نہ صرف شہریوں کا استحصال جاری ہے بلکہ قومی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔ موضع کوٹ دھونی چند میں واقع 132 کنال سے زائد رقبہ پر محیط اس سکیم میں ایل ڈی اے ایکٹ 1975 اور پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں، جن میں غیر قانونی توسیع، بغیر منظوری لے آﺅٹ پلان میں ردوبدل، ہزاروں غیر منظور شدہ پلاٹس کی فروخت اور عوامی سہولیات کیلئے مختص اراضی پر قبضہ شامل ہے، جبکہ ایل ڈی اے کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران کا کردار نہ صرف مشکوک بلکہ مجرمانہ نوعیت کا دکھائی دیتا ہے، جو قانون نافذ کرنے کے بجائے مبینہ طور پر سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔ پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 4، 6 اور 10 کے تحت لازمی قرار دی گئی ابتدائی منظوری، اراضی کی ملکیت اور لے آﺅٹ پلان کی پابندیوں کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے سکیم کو سینکڑوں کنال تک غیر قانونی طور پر پھیلایا گیا، جبکہ پارک، مسجد اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے مختص جگہوں کو بھی پلاٹوں میں تبدیل کر کے فروخت کیا جا رہا ہے، جو کہ نہ صرف قوانین بلکہ بنیادی شہری حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔ سرکاری نالوں اور کھالوں پر کمرشل تعمیرات قائم کر دی گئی ہیں، جبکہ رہن شدہ پلاٹس کو ڈی مارگیج کیے بغیر فروخت کرنا بھی جاری ہے۔ گرین لینڈ ہاﺅسنگ انتظامیہ کی طرف سے جاری مذکورہ تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے باوجود نہ تو شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کی جانب سے کوئی شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، نہ ہی سوسائٹی آفس کو سیل کیا گیا اور نہ ہی اسے بلیک لسٹ کرنے یا جرمانے عائد کرنے کی کوئی کارروائی عمل میں لائی گئی، جو اس امر کی واضح عکاسی ہے کہ متعلقہ افسران دانستہ طور پر اس غیر قانونی کاروبار کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر ایل ڈی اے واقعی عوامی مفاد کا محافظ ادارہ ہوتا تو اخبارات اور میڈیا کے ذریعے فوری وارننگ جاری کر کے عوام کو اس فراڈ سے آگاہ کیا جاتامگر اس کے برعکس خاموشی اختیار کر کے نہ صرف غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے بلکہ شہریوں کو کھلے عام لٹنے کیلئےچھوڑ دیا گیا ہے جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ متاثرہ شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر محمود اور چیف میٹروپولیٹن پلاننگ محمد فیصل سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس سکیم میں پلاٹوں کی خرید و فروخت، انتقالات کے اندراج، فردات کے اجرا اور رجسٹریوں کی تصدیق پر پابندی عائد کی جائے، جبکہ واسا، لیسکو، سوئی گیس اور دیگر اداروں کو ہدایت دی جائے کہ وہ تمام سروسز منقطع کریں اور اس سکینڈل میں ملوث ایل ڈی اے کے افسران خصوصاً میٹروپولیٹن پلاننگ ونگ کے اہلکاروں کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ قانون کی بالادستی قائم ہو اور شہریوں کا اعتماد بحال کیا جا سکے، بصورت دیگر یہ تاثر مزید گہرا ہوتا جائیگا کہ ایل ڈی اے خود غیر قانونی ہاﺅسنگ مافیا کا حصہ بن چکا ہے۔
ایل ڈی اے افسران کی ملی بھگت، کرپشن میں نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی کی سہولت کاری
















