3 بڑی کمپنیوں کو لائسنس کااجرا،پاکستان میں5 جی کادور شروع،سروسز کا آغاز


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان میں5 جی کادور شروع،سروسز کامرحلہ وار آغاز،پی ٹی اے نے 3 بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کو لائسنس جاری کر دیئے،لائسنس زونگ، جاز اور یوفون کو جاری کیے گئے۔

پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی ، ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان 5 جی سپیکٹرم لائسنس پر دستخط ہو گئے، لائسنس اجرا کے بعد تینوں کمپنیوں نے ملک میں باقاعدہ طور پر 5 جی سروسز کا آغاز کر دیا، صارفین کو تیز رفتار انٹرنیٹ ، جدید ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انقلابی دورمیں فائیوجی سپیکٹرم شانداراقدام ،جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صنعت، زراعت ، آئی ٹی سیکٹر میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان کے ہر کونے،گاوں اور دیہات میں ٹیکنالوجی لےکر جائیں گے،فائیوجی سپیکٹرم کے لائسنس کی نیلامی انتہائی شفاف طریقے سے کی گئی۔

شہبازشریف نے کہا درپیش قانونی چیلنجز خوش اسلوبی سے حل کرنے پر پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ماضی میں قانونی طور پر بڑی رکاوٹیں تھیں، اعظم نذیرتارڑ نے لیگل چیلنجز پر بہترین تعاون کیا،شراکت دار ٹیلی کام آپریٹرز کے تعاون کو سراہتے ہیں، نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر آئی ٹی شعبے میں ملک کا نام روشن کرینگے،پاک چین دوستی منفرد، اہم جھلک جدید ٹیکنالوجی ہے، ملک کے طول وعرض میں ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے کہا حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پروگرام کو چھوٹا رکھا ، پاکستان میں پہلی مرتبہ 5جی سروس متعارف کرائی گئی ، کامیابی وزیر اعظم کی قیادت میں مکمل ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوئی، شہریوں کو بہتر 4جی سروسز فراہم کرنے کےلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، آنےوالے چند ماہ میں مجموعی طور پر انٹرنیٹ کا معیار بہتر ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے کہا پاکستان میں موبائل ٹیکنالوجی کی ترقی کا آغاز 90کی دہائی کے اوائل میں ہوا،2004سے 2025تک سپیکٹرم پر4نیلامیاں کی گئیں،480 میگا ہرٹز کی شفاف انداز میں نیلامی و لائسنس کا اجرا کیا،صارفین کو جلد ہی اپنے موبائل فونز پر سافٹ ویئر اپڈیٹ کے پیغامات موصول ہوں گے تاکہ 5 جی سروس سے استفادہ کر سکیں،ابتدائی مرحلے میں 5 جی سروسز ملک کے بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد، کوئٹہ اور پشاور کے اہم مقامات پر فراہم کی جائیں گی۔