ترقیاتی کام بہترین منصوبہ بندی ، اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کئے جائیں :کمشنر ساہیوال
ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کمشنر آفس میں جاری تعمیراتی کام جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر نے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان اور محکمہ بلڈنگ کے افسران نے بھی شرکت کی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام بہترین منصوبہ بندی اور اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کئے جائیں تاکہ آنے والے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری اداروں میں آنے والے ہر سائل کو سہولت اور بہتر ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کمشنر آفس کا تفصیلی دورہ بھی کیا اور دفتر کے داخلی و خارجی راستوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دفتر آنے والے سائلین کوفراہم سہولیات پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی دستیابی اور ان کے انتظار کرنے کی جگہ کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے سائلین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمشنر آفس کے لان کو خوبصورت اور بہتر بنانے کیلئے جاری کام کا بھی جائزہ لیا جبکہ دفتر کی باونڈری وال پر بھی تفصیلی بریفنگ لی۔ دوسری طرف کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے بائی پاس پر جگہ جگہ غیر قانونی بس سٹاپس کا نوٹس بھی لے لیا۔ بائی پاس پر بنائے گئے ان بس سٹاپس کو ریگولیٹ کرنے یا ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔ سیکرٹری آر ٹی اے واصف یاسین کی سربراہی میں کمیٹی ایک ہفتے میں ان بس سٹاپس کی افادیت بارے رپورٹ دیگی۔ ڈپٹی کمشنر ساہیوال ان بس سٹاپس کو ریگولیٹ کرنے یا ختم کرنے کا فیصلہ کریں۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد فاروق وڑائچ، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، ایس ڈی ای او پیرا نعمان قیصر اور ڈسٹرکٹ آفیسر این ایچ اے امیر حیدر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ بائی پاس پر تیز رفتار ٹریفک کی بدولت عوام کی جان کا تحفظ انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ بس سٹاپس سے ٹریفک بہاو میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے جنہیں حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان غیر قانونی بس سٹاپس کے خاتمہ سے نہ صرف تجاوزات ختم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ حادثات میں بھی کمی آئے گی۔
















