آپریشن غضب للحق،کابل میں113کور کے ایمونیشن ڈمپ تباہ
اسلام آباد ،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آپریشن غضب للحق،کابل میں113کور کے ایمونیشن ڈمپ تباہ،کامیاب فضائی حملوں کی ویڈیو جاری کر دی گئی۔
حملوں میں پاک افواج نے کابل میں 313 کور کے ایمونیشن ڈمپ کو موثر انداز میں تباہ کیا، ایمونیشن ڈمپ سے افغان طالبان سمیت دہشت گرد تنظیمیں اسلحہ و بارود استعمال کر رہی تھیں، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے پاک افواج کی جانب سے صرف ایمونیشن ڈمپ کو نشانہ بنا کر تباہ کیا گیا،سکیورٹی ذرائع کے مطابق کسی سول آبادی کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ” ایکس“ پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا آپریشن غضب للحق میں 663 دہشت گرد ہلاک اور 887 زخمی ہوئے،249 چوکیاں تباہ اور 44 چوکیاں قبضے میں لیں، 224 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ کی گئیں،افغانستان بھر میں دہشتگردوں اور معاونین کے 70 مقامات پر فضائی حملے کیے گئے اور12 اور 13 مارچ کی درمیانی شب افغانستان میں دہشتگردوں سے منسلک ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کابل، پکتیا اور قندھار میں دہشتگردوں کے لاجسٹک بیسز اور کیمپوں کو ہدف بنایا گیا، فضائی حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی گئی، نہایت درستگی کےساتھ صرف تنصیبات کو نشانہ بنایا، افغان حکام اور میڈیا کی جانب سے پھیلائے گئے دعووں کے برعکس کسی شہری آبادی یا شہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

















