سہولت بازاروں میں 82 فیصد قیمتیں سستی،صارفین معیار ،تازگی سے مطمئن

لاہور: (وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے کے بھر کے 49 سہولت بازاروں میں اشیائے خورونوش کی سستے داموں فروخت جاری ہے،مریم نواز کی ہدایت پر سہولت بازاروں میں صفائی ستھرائی، چیک اینڈ بیلنس اور معیار کی کڑی نگرانی جاری ہے، وزیراعلیٰ نے عوام کو سہولت بازاروں سے ریکارڈ خریداری کرنے پرخراج تحسین پیش کیا اور عمدہ انتظامات پر انتظامیہ، پیرا فورس اور ستھرا پنجاب کے ٹیم کو شاباش دی۔

مریم نواز نے لاہور شہر میں عوام کی سہولت کیلئے مزید سہولت بازار لگانے کی بھی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے سہولت آن دی گو میں 52.4 فیصد خواتین کی شمولیت کو احسن امرقراردیا اور پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے چیئرمین افضل کھوکھر کو شاندار اقدام پر مبارکباد دی، ڈائریکٹوریٹ جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن کی سروے رپورٹ کے مطابق 90 فیصد سے زیادہ صارفین نے بازاروں کی رسائی اور وہاں محسوس ہونے والی حفاظت کو سراہا ، دکاندار بھی سٹالز کے کرائے سستے اور بنیادی ڈھانچے کی مدد سے کافی حد تک مطمئن نظر آئے ۔

سہولت آن دی گو نے مصنوعات کے معیار اور رسائی میں بہترین کارکردگی دکھائی، سروے کے مطابق پنجاب سہولت بازارایک فعال ریلیف پلیٹ فارم جہاں ڈیٹاکی بدولت توسیع اور بہتری کی ضرورت کو پورا کیا جاتا ہے، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی (PSBA) کے آپریشنز سے پورے پنجاب سے 339 شکایات موصول ہوئیں، سہولت بازار وں میں 82 فیصد قیمتیں سستی،88 فیصد صارفین مصنوعات کے معیار اور تازگی سے مطمئن تھے، سہولت بازار میں 72.6 فیصد مرد اور 26.2 فیصد خواتین نے خریداری کی، لاہور میں 10 مستقل سہولت بازار اور 15 سہولت آن دی گو یونٹس فنکشنل ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ریلیف صرف نعرہ نہیں، نظر آنااور قابل رسائی ہونا چاہیے، سہولت بازاروں کی تمام کیٹیگریز میں 80فیصد سے زیادہ اطمینان کی سطح حقیقی عوامی قدر کی نشاندہی کرتی ہے،سہولت بازار چھوٹے تاجروں کےلئے منظم کاروباری ماحول بنا رہا ہے، ریلیف مارکیٹیں کام نہیں کر سکتیں اگر دکاندار کاروبار کی صلاحیت نہ دیکھیں،صوبے بھر میں 49 مستقل سہولت بازار پوری طرح بحال، پنجاب میں 15 سہولت آن دی گو یونٹس اور 11 عارضی رمضان بازار قائم ہیں۔