ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر ساہیوال کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ چک نور شاہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے گاوں کو مثالی گاوں بنانے کے منصوبے کے تحت پورے گاوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے اندرون و بیرون بازار کا دورہ کیا جبکہ زیر تعمیر ریسکیو 1122 اسٹیشن اور گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار بوائز کی عمارت کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے دہی مرکز ہیلتھ مریم نواز کا بھی دورہ کیا جہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سٹور میں موجود ادویات کی چیکنگ کی جبکہ فارمیسی اور لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے مرکز صحت میں صفائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ مریضوں کو بہتر ماحول میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر کو مریم نواز واٹر فلٹریشن پلانٹ، پارک اور کھیلوں کے گراونڈ کے قیام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاوں کے مکینوں کو صاف اور معیاری پانی کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ نوجوانوں کیلئے کھیلوں کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر محکمہ بلڈنگ کے افسران بھی ہمراہ تھے جنہوں نے مثالی گاوں منصوبے کے مختلف پہلووں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں تاکہ علاقہ مکینوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چک نور شاہ کو مثالی گاوں بنانے کا منصوبہ حکومت پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے جس کا مقصد دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ شہر میں جاری بیوٹیفکیشن اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس رانا اورنگزیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، کنٹریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ کمشنر نے میونسپل کارپوریشن کے زیر اہتمام جاری مختلف ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پاکپتن بازار، صدر بازار، دیپال پور بازار، شربت بازار اور منڈی بازار کا دورہ کیا جہاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے جاری کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ حکومت پنجاب کا بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے واضح اور بہترین ویژن ہے جس کا مقصد شہروں کو خوبصورت، منظم اور شہریوں کیلئے سہل بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کی بہتری اور جدید طرز پر بحالی سے یہ علاقے ساہیوال کے شہریوں کیلئے بہتر تجارتی مراکز بنیں گے جہاں لوگ آسانی سے خرید و فروخت کر سکیں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی مقامات پر سائن بورڈز لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے دیپال پور بازار میں ٹف ٹائلز لگانے کے کام کا بھی جائزہ لیا اور منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دورے کے دوران کمشنر نے اندرون سبزی منڈی میں سبزیوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا اور منڈی کے اطراف اور بازاروں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے فوری بہتری کی ہدایت کی۔ بعد ازاں انہوں نے منظور کالونی ڈسپوزل اسٹیشن کا بھی دورہ کیا جہاں واسا کمپلین سینٹر سا¶تھ سائیڈ کے قیام اور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جانوروں کیلئے پھاٹک بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ منصوبوں کا باقاعدہ پلان تیار کر کے جلد پیش کیا جائے تاکہ شہریوں کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعلیٰ ویژن کے مطابق دیہات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی مشن ہے: کمشنر ساہیوال
















