وزارت مذہبی امور کی پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو ضم کرنے سے معذرت
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزارت مذہبی امور نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو ضم کرنے سے معذرت کرلی۔
قائمہ کمیٹی سینٹ کے اجلاس میںپی ڈبلیو ڈی کے ملازمین کو مختلف اداروں میں ضم کرنے کے معاملے پر تفصیلی بحث کی گئی،وزارت مذہبی امور کے حکام نے معذرت کرتے ہوئے کہا پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو اپنے ادارے میں شامل نہیں کر سکتے۔
وزیر ہاوسنگ میاں ریاض پیرزادہ نے وزارت مذہبی امور کے حکام کی سرزنش کرتے ہوئے کہا وزارت مذہبی امور وزیراعظم کے احکامات کےخلاف نہیں جا سکتی،وزارت مذہبی امور اپنے لوگوں کو فری حج کراتی اور دوسرے ملازمین کو لینے سے انکار کر رہی ہے۔
چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا اگر وزارت مذہبی امور نے پی ڈبلیو ڈی ملازمین کو نہ لیا تو ادارے کے ملازمین کا فری حج بند کرایا جائے گااور معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں گے،اجلاس کے دوران آئی بی حکام نے ملازمین کو عید سے قبل تنخواہ دینے کی یقین دہانی کرائی۔

















