راولپنڈی (بیورورپورٹ) بلوچستان میں آپریشنز،سکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ15دہشتگردوں کوجہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی ضلع ہرنائی میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 12 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
دوسری کارروائی بسیمہ میں کی گئی، سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کا سراغ لگایا اور مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے موثر طریقے سے نشانہ بنایا، کارروائی میں بھارتی حمایت یافتہ 3 دہشت گرد مارے گئے
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونےوالے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز بھی مواد برآمد کرلیا۔
ادھر صدر آصف زرداری،وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی اور بسیمہ میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا عزم استحکام کے ویژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشت گردی کےخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشت گردی کی جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں، ملک سے بیرونی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ترجیح ، وطن کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
بلوچستان میں آپریشنز، بھارتی حمایت یافتہ15دہشتگرد جہنم واصل
















