اسلام آباد: (بیورورپورٹ) سعودی عرب نے پاکستان کومتبادل سپلائی روٹ سے تیل فراہمی کی یقین دہانی کرا دی۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی جانب سے متبادل تیل سپلائی روٹ کے طور پر یانبو کی بندرگاہ کے استعمال کی درخواست کی گئی،ملاقات کے دوران سعودی عرب کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی
علی پرویز ملک نے کہا سعودی ذرائع نے بحیرہ احمر میں واقع بندرگاہ یانبو کے ذریعے سپلائی کی سکیورٹی ، پاکستان کیلئے خام تیل اٹھانے کیلئے جہاز کو پاکستان سے بندرگاہ یانبو روانہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ، پاکستان کی حمایت پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں اور امید ہے بندرگاہ یانبو سے تیل کی سپلائی میں پاکستان کو ترجیح دی جائےگی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کسی بھی ہنگامی ضرورت کے پیش نظر پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھا جائےگا، پاکستان اور سعودی عرب آزمائش میں ایک دوسرے کےساتھ کھڑے رہیں گے۔
علی پرویز ملک نے کہا حکومت پاکستان عوام کیلئے توانائی کی سپلائی چین کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی، پاکستان کی بیشتر پٹرولیم سپلائی آبنائے ہرمز کے راستے آتی ہے، ان حالات میں سعودی عرب جیسے برادر ممالک کی حمایت پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
سعودیہ نے متبادل سپلائی روٹ سے پاکستان کو تیل فراہمی کی یقین دہانی کرادی
















