لاہور(قمر عباس نقوی/ تصویر: واحد شہزاد )واسا اقبال زون ڈائریکٹوریٹ ایکسین سمن آباد حکومتی ویژن کے مخالف، ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کے دوران حفاظتی ایس او پی نظر انداز، مالی اور انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا لاہوریوں کو نکاسی اور فراہمی آب جیسی بنیادی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی خاطر اربوں روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے جس میں واسا لاہور انتظامیہ کی جانب سے تمام زونز میں ایل ڈی پی کے تحت واٹر سپلائی اور سیوریج سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا۔ اس حوالے سے شہر کے مختلف کمرشل اور رہائشی علاقہ جات میں کھدائی کا عمل جاری رکھا گیا ہے اس پر انتظامیہ واسا اور متعلقہ نجی کمپنی کے ساتھ دوران ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے پر معاہدہ بھی کیا گیا تاکہ متعلقہ علاقہ میں کھدائی سے کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہ ہو سکے جو کہ حکومتی ایس او پیز اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہیں جبکہ واسا اقبال زون ڈائریکٹوریٹ سمن آباد ایکسین کی جانب سے حکومتی ویژن کے خلاف منصوبہ بندی دیکھنے میں آرہی ہے۔ سمن آباد کی مرکزی شاہراہ ندیم شہید پر گزشتہ کافی روز سے ترقیاتی کام کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کھدائی کے عمل کے دوران حفاظتی سٹیل وال کی بجائے کاغذی ربن کا استعمال برائے نا م کیا گیا ہے جبکہ رات کے وقت شہریوں کی رہنمائی کی خاطر کسی قسم کے بورڈ ز آویزاں نہیں کئے گئے جبکہ شہباب چوک میں کئے جانے والا کام کو ہی حفاظتی وال کا استعمال کیا گیا جبکہ دیگر مقامات پر کھدائی کو مالی نقصان اور انسانی جانوں کے ضیاع کیلئے اسباب پیدا کر رکھے ہیں جو کہ ایکسین سمن آباد اور ایس ڈی او کی مجرمانہ غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ایس ڈی او اور ایکسین سمن آباد حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کی بجائے متعلقہ ٹھیکیدار کے ساتھ گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ داتا دربار بھاٹی گیٹ جیسا حادثہ کروانے کی منصوبہ بندی دیکھنے میں آرہی ہے، حفاظت کاغذی ربن کی بنیاد پر کی گئی ہے نہ ہی کام کو ختم کیا جارہا ہے۔ شہاب چوک میں کام مکمل کر دیا ہے لیکن روڈ کو بحال نہیں کیا گیا جبکہ چوک سے بٹ سموسہ تک روڈ پر کھدائی خطرناک ہے۔ واسا ترجمان کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبہ جات کی تکمیل کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس پر ایم ڈی واسا لاہور کی جانب سے سخت احکامات جاری کر رکھے ہیں۔ باقی اقبال زون سمن آباد ایکسین اور ایس ڈی او کی جانب سے اگر اس حوالے سے کوتاہی کی جا رہی ہے تو متعلقہ ڈائریکٹر سے اس معاملے کی تفصیل حاصل کرتے ہوئے ذمہ دران کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔
واسا، ترقیاتی منصوبوں میں حفاظتی ایس او پیز نظرانداز، انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ
















