دراندازی ناکام، افغان طالبان کا اہم سرغنہ ساتھیوں سمیت جہنم واصل

راولپنڈی ،واشنگٹن:(بیورورپورٹ) آپریشن غضب للحق کے تحت افغان طالبان، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کےخلاف موثر کارروائیاں ،پاک فوج نے طورخم کے نزدیک فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران دراندازی کرنےوالا افغان طالبان کا سرغنہ قہرمان ساتھیوں سمیت ہلاک جہنم واصل ہوگیا، ہلاک ہونے والے افغان طالبان کمانڈر کا تعلق جلال آباد سے تھا۔

چمن سیکٹر میں پاک فوج کی خفیہ اطلاعات پر افغان طالبان کی مسلح تشکیل کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی، پاک فوج کی کامیاب کارروائی سے ایک افغان طالبان دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 کو زخمی حالت میں زندہ پکڑ لیا گیا، پاک فوج نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے کو گھیرے میں لیکر کلیئرنس آپریشن مکمل کیا، علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ۔

وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آپریشن غضب للحق کی تازہ ترین صورتحال جاری کرتے ہوئے بتایا آپریشن میں افغان رجیم کے481 کارندے ہلاک ، 696 سے زائد کارندے زخمی ہوئے، افغان طالبان رجیم کی 226 چیک پوسٹیں تباہ،35پرقبضہ کر لیا گیا،198 ٹینک، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ کردی گئیں،افغانستان بھر میں 56 مقامات کو فضائی کارروائی میں موثر نشانہ بنایا گیا، وفاقی وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹرطارق فضل چودھری نے کہا شہادتوں کا خمیازہ دہشتگردوں کو بھگتنا ہو گا۔

قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا پاکستان نے افغانستان کےلئے بہت قربانیاں دی ہیں، جنگ سے متاثرہ لاکھوں افغان مہاجرین کی دہائیوں تک میزبانی کی اگر پاکستان میں خون ریزی ہو گی تو خمیازہ افغانستان کو بھگتنا پڑے گا، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہری ملوث ہیں، افغان طالبان رجیم کے آنے کے بعد ساڑھے 8 ہزار شہادتیں ہوچکیں، افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی روکنے کی کبھی یقین دہانی نہیں کرائی گئی، افغان طالبان کو10 ارب کی پیشکش بھی کی۔

وفاقی وزیر نے کہا افغان طالبان سے کہا گیا پاکستان میں دہشتگردی کیلئے اپنی سرزمین کا استعمال روکیں، ترلائی خود دھماکے، باجوڑ خود کش دھماکوں سمیت دیگر واقعات میں افغانستان ملوث رہا، یہ سب چیزیں ہونے کے بعد ہم نے آپریشن غضب للحق کا فیصلہ کیا،افغان طالبان رجیم کیخلاف آپریشن میں خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئیں، اسحاق ڈار نے پاکستان میں دہشتگردی روکنے کے حوالے سے بات چیت کیلئے افغانستان کے 3 دورے کیے، افغان طالبان کی جانب سے دہشتگردی روکنے کی یقین دہانی تک آپریشن جاری رہے گا، ایران کے حوالے سے پاکستان نے واضح موقف اپنایا، چاہتے ہیں خطے میں تناو کی شدت میں کمی کی جائے

دوسری جانب معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی بڑی کامیابی کی تصدیق کر دی۔

امریکی اخبار نے دعویٰ کیا افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کےخلاف پاکستان بھرپور زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، آپریشن ”غضب للحق“ کے دوران پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان کے حملے میں بگرام ائیربیس کا ایک ائیرکرافٹ ہینگر اور 2ویئر ہاوسز تباہ ہوئے ، سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئیں۔