عالم اسلام بارود کے ڈھیر پر کھڑا ،پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلایاجائے،فضل الرحمن
اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جے یوآئی فضل الرحمن نے کہاہے عالم اسلام بارود کے ڈھیر پر کھڑا ،پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلایا جائے۔
فضل الرحمن نے ایرانی سفارتخانے جا کرسفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی،سپریم لیڈر خامنہ ای کی شہادت پر دکھ و افسوس کا اظہار ،تعزیتی کتاب میں تاثرات قلمبند کئے۔
امیر جے یوآئی نے کہا ایران پر امریکی صہیونی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، صیہونت ،یورپ گٹھ جوڑ نے پہلے فلسطین پر قبضہ کیا اب بھی شدید تناواور لمبی جنگ سے گزر رہے ہیں،حماس کی مضبوط حمایت پر ایران کےخلاف جنگ کی دوسری قسط شروع کی گئی، بیہودہ قسم کے الزامات لگا کر حملوں کا جواز پیش کر رہے ہیں، ایران صرف اپنا نہیں بلکہ فلسطین کا بھی دفاع کررہا ہے۔
فضل الرحمن نے کہا عالم اسلام کو باہمی اتحاد کی ضرورت ، مشکل وقت میں ایران کے شانہ بشانہ ہیں، امت مسلمہ باہم دست وگریباں ہونے کی بجائے صیہونیت کا مقابلہ کرے، امریکہ انسانیت کا دشمن ہے،انسانی قاتل ،مجرم کی سربراہی میں قیام امن کی کوششیں امن کے نام پر دھبہ ہیں، حکمرانوں کی ٹرمپ جیسے قاتل سے امن کی امید رکھنا سوالیہ نشان ہے۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا پاک ایران تعلقات پر فضل الرحمن ،جے یو آئی کے کردار کو سراہتے ہیں، فتح عالم اسلام کی ہو گی آپ کی آمد اطمینان کا باعث ہے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاعالمی و علاقائی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے ،پارلیمنٹ کا ان کیمرا اجلاس بلایاجائے،ایک طرف اسرائیل اور امریکہ ایران پر حملہ آور ہیں تو دوسری جانب پاکستان ، افغانستان کی جنگ جاری ہے، عالم اسلام بارود کے ڈھیر پر کھڑا،پاکستان کی پوزیشن اہم سوال بن چکی، داخلی ،خارجی سطح پر قومی موقف واضح کرنا ضروری ہے۔
















