لاہور (نمائندہ خصوصی)سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ اولیاءاللہ کی تعلیمات کا فروغ امن، محبت، انسانیت کی خدمت اور قرآن و سنت کی سچی پیروی پر مبنی ہے۔ ان بزرگ ہستیوں نے اخلاقی تربیت، تقویٰ اور دنیاوی محبت سے بے نیازی کا درس دیا۔ ان تعلیمات کو فروغ دینے کیلئے ان کے ارشادات، سیرت اور صوفیانہ طرزِ زندگی کو عام کرنا، تصوف کے مراکز کو فعال رکھنا اور عملی زندگی میں انسانی ہمدردی کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کے ویژن اور حکومت پنجاب کی ترجیحات کی روشنی میں محکمہ اوقاف پنجاب میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ فیورٹ ازم سے بالاتر ہو کر جزا و سزا کا موثر نظام نافذ کیا جا رہا ہے، محکمانہ آمدن میں اضافہ، وقف املاک کو قابضین سے واگذار کرانا اور وقف جائیدادوں کو مارکیٹ ریٹس کے مساوی نیلام یا پٹہ پر دینا اولین ترجیحات ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جو افسر و اہلکار بہتر کارکردگی دکھائے گا وہ ستائش کا مستحق ہوگا، جبکہ محکمانہ مفاد کے خلاف ذاتی مفادات کو ترجیح دینے والے عناصر کو احتساب کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے داتا دربار کے ہجویری ہال میں اوقاف بیٹ رپورٹرز کے اعزاز میں دئیے گئے سالانہ افطار ڈنر کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کیا.سیکرٹری اوقاف پنجاب نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے میں انسانیت کی تعظیم، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں تمام مکاتبِ فکر کے علماءو مشائخ ڈائریکٹوریٹ جنرل مذہبی امور اوقاف کے ساتھ آن بورڈ ہیں اور حکومت پنجاب کے دست و بازو کا کردار ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حضرت سید علی بن عثمان الہجویری سمیت تمام اولیائے کرام کی تعلیمات انسانیت کیلئے مشعل راہ ہیں۔ برصغیر پاک و ہند میں اسلام تلوار کے زور پر نہیں بلکہ اولیائے کرام کی محبت، خدمت اور اخلاقی کردار کے ذریعے پھیلا۔اولیائے اللہ نے انسانیت سے محبت اور خدمت کے ذریعے دل جیتے اور آج بھی ان کا فیض جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام نے اللہ تبارک تعالیٰ اور نبی کریم کی محبت کا پیغام عام کیا، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔ اولیاءو صوفیاءنے بھوک، جبر، افلاس اور تنگدستی جیسی صعوبتیں برداشت کر کے بھی اپنے اعلیٰ اخلاق و کردار سے معاشرے میں مثبت انقلاب برپا کیا۔ ان کی سیرت و کردار نے بت پرستوں کو خدا پرست بنا دیا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی انہی اوصاف کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ کوئی حقیقت پسند مصنف یا مورخ اشاعت و تبلیغ دین میں اولیائے امت کے کردار کو نظر انداز نہیں کر سکتا، اور ہر دور میں ان کی خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ ویژن کی روشنی میں محکمہ اوقاف میں اصلاحات کا عمل جاری ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ
















