پاکستان،قطر کا دفاعی،سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بلندیوں پر لے جانے پر اتفاق

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے نائب وزیراعظم ، وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی الثانی ،قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے وفد نے دوحہ میں ملاقاتیں کیں،ملاقات کے دوران رہنماو¿ں نے دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قطر کے مضبوط اور تاریخی تعلقات کا اعادہ کیا،وزیراعظم نے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان جاری تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم اور وسعت دینے کےلئے پاکستان کے عزم پر زور دیا،شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور دفاعی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں قطر کی دلچسپی سے آگاہ کیا، ملاقات میں علاقائی صورتحال بالخصوص ایران اور افغانستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،دونوں اطراف نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کےلئے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا،اعلامیے کے مطابق فریقین نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بلند کرنے کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا،قبل ازیں وزیر اعظم نے قطر کے وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر احمد بن محمد السید سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران فریقین نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعاون کا جائزہ لیا اور پاکستان قطر تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، ڈاکٹر احمد بن محمد السید پاکستان قطر جوائنٹ بزنس ٹاسک فورس کے چیئرمین بھی ہیں،وزیراعظم نے دو طرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے اور قطر کو پاکستان کی برآمدات خاص طور پر زرعی مصنوعات، کھانے پینے کی اشیاءاور ویلیو ایڈڈ اشیاءکی برآمدات کو متنوع بنانے کی اہمیت پر زور دیا، دونوں فریقین نے پاکستان قطر مشترکہ وزارتی کمیشن کے چھٹے اجلاس کے فالو اپ پر تبادلہ خیال کیا اور طے شدہ فیصلوں پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا،شہباز شریف نے پاکستان کی سرمایہ کاری دوست اصلاحات اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی، ڈاکٹر احمد بن محمد السید نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے اور دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے میں قطر کی دلچسپی کا اعادہ کیا، فریقین نے رمضان المبارک کے دوران دونوں ممالک کے متعلقہ حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کا اجلاس بلانے پر بھی اتفاق کیا جس میں پاکستان میں قطری سرمایہ کاری کےلئے ٹھوس سرمایہ کاری کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائےگا، ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے مشترکہ عزم پر زور دیا گیا،قطر بزنس مین ایسوسی ایشن (کیو بی اے) کے وفد نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ،وفد کی قیادت شیخ فیصل بن قاسم الثانی چیئرمین نے کی،وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی اور تجارتی روابط کو مضبوط بنانے میں قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے تعمیری کردار کو سراہا،وزیر اعظم نے کہا پاکستان دو طرفہ شراکت داری کے ایک اہم ستون کے طور پر نجی شعبے کی قیادت میں مصروفیات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم نے پاکستان کے بہتر ہوتے ہوئے معاشی اشاریوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی سہولت کےلئے متعارف کرائے گئے اصلاحاتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کیو بی اے کے اراکین کو انفراسٹرکچر، لاجسٹکس، توانائی، زراعت، ٹیکنالوجی اور برآمدات پر مبنی مینوفیکچرنگ میں مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی، شہباز شریف نے سرمایہ کاروں کے لیے شفافیت، کارکردگی اور بروقت فیصلہ سازی کو یقینی بنانے کے لیے ون ونڈو پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر زور دیا، شیخ فیصل بن قاسم الثانی نے بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا،فریقین نے قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا جس میں رواں ماہ کے آخر میں پاک قطر سرمایہ کاری سے متعلق ٹاسک فورس کے دوحہ کے آئندہ دورے کے ساتھ ساتھ تجارتی فورمز کی میزبانی بھی شامل ہے تاکہ بات چیت کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کیا جا سکے،دونوں فریقوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان بزنس ٹو بزنس تعلقات کو بڑھایا جا سکے،ملاقات میں پاکستان اور قطر کے اپنے اپنے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کے ذریعے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔