لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے صنعتی شعبے پر عائد 102 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم کرنے پر حکومت پاکستان سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ملک بھر کے تاجروں اور کمرشل صارفین پر عائد 90 ارب روپے کی کراس سبسڈی فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ مطالبہ انہوں نے لاہور چیمبر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی، ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبران عامر علی، رانا شعبان اختر، آصف خان، وقاص اسلم، سابق نائب صدور طاہر منظور چوہدری اور میاں زاہد جاوید بھی موجود تھے۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ 4 روپے 4 پیسے کمی کے نتیجے میں صنعتی شعبے پر عائد بھاری کراس سبسڈی ختم ہونا پاکستان کی صنعت کیلئے ایک بڑا اور بروقت ریلیف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان بھارت اور یورپی یونین کے درمیان فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے نتیجے میں متوقع مسابقتی دباو¿ کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکے گا۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ ایکسپورٹ ری فنانسنگ سکیم میں 3 فیصد کمی اور بجلی کے وہیلنگ چارجز میں 4 روپے کمی برآمد کنندگان اور صنعتی شعبے کیلئے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ان تمام اقدامات کے فوری نوٹیفکیشن جاری کرے تاکہ صنعتکار اور کاروباری ادارے بلا تاخیر اپنی پیداواری سرگرمیاں تیز کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ تاجروں اور کمرشل سیکٹر پر عائد 90 ارب روپے کی کراس سبسڈی ایک ناقابلِ برداشت بوجھ بن چکی ہے۔ اس کے خاتمے سے نہ صرف کاروبار کی لاگت کم ہوگی بلکہ صارفین کی قوتِ خرید میں بھی اضافہ ہوگا، جس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی، ریٹیل سطح پر قیمتوں میں استحکام اور مجموعی معاشی سرگرمی میں اضافہ ہوگا۔ صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ ملک کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے اور پاکستان ایک بڑی کنزیومر مارکیٹ رکھتا ہے۔ جب مہنگائی کم ہوگی تو خرچ بڑھیں گے، بزنس ایکٹیویٹی میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو ٹیکس وصولی میں بھی فائدہ پہنچے گا۔انہوں نے سپر ٹیکس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ عدالتی فیصلے کے بعد اس پر عملدرآمد متوقع ہے، اس لیے بزنس کمیونٹی کو لیکویڈیٹی کے شدید مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو تجویز دی کہ سپر ٹیکس کی وصولی آسان اقساط میں کی جائے تاکہ حکومت کا ٹیکس ہدف بھی پورا ہو اور کاروباری ادارے مالی دباو سے محفوظ رہیں۔ فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ بجلی کے ٹیرف میں 4.04 روپے فی یونٹ کمی کا اثر امریکی ڈالر میں دیکھا جائے تو یہ تقریباً 1.45 فیصد بنتا ہے جو خطے کے کئی ممالک سے زیادہ ہے، تاہم پاکستان کو بھارت، چین، ویتنام اور بنگلہ دیش سے مقابلے کیلئے بجلی کے نرخ اور شرحِ سود دونوں کو سنگل ڈیجٹ میں لانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایس ایم ایز اور بڑے صنعتی شعبے کیلئے شرحِ سود اور توانائی لاگت مسابقتی سطح پر نہیں آتی، اس وقت تک برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ صنعتی ترقی، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے لیول پلیئنگ فیلڈ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ صدر لاہور چیمبر نے توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مہنگی آئل بیسڈ پاور جنریشن سے نکل کر ہائیڈل پاور کی طرف جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ڈیمز اور واٹر ریزروائرز کے ذریعے 20 ہزار میگاواٹ سے زائد سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے جو صنعت کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔ انہوں نے رئیل سٹیٹ سیکٹر میں بھاری ٹیکسیشن کے باعث سرمائے کے بیرون ملک منتقل ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف دبئی میں 2025 کے دوران رئیل اسٹیٹ میں 179 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، جس میں پاکستانی سرمایہ کاروں کا نمایاں حصہ ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس اصلاحات اور سازگار کاروباری ماحول کے بغیر سرمایہ کاری واپس لانا ممکن نہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ اور نائب صدر خرم لودھی نے کہا کہ بھارت، چین اور بنگلہ دیش سے مقابلے کیلئے توانائی اور فنانسنگ لاگت کم کرنا ہوگی، انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اختتام کے بعد حکومت کو مزید اصلاحات کی گنجائش ملے گی اور معیشت بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہوگی۔
صنعتی شعبے پر 102 ارب کی کراس سبسڈی ختم کرنے پر حکومت کے مشکور ہیں:صدر لاہور چیمبر
















