لاہور (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور کے علاقے بھاٹی چوک، داتا دربار کے قریب پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی 24 سالہ خاتون، 10 ماہ کی بیٹی کے اہلخانہ سے حکومت پنجاب دلی معذرت خواہ ہے،یہ ایسا سانحہ ہے جو ہرگز پیش نہیں آنا چاہیے تھا، ابتدائی طور پر متعلقہ اداروں کی جانب سے فراہم کردہ غلط معلومات کی بنیاد پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس سے ابہام پیدا ہوا، کوتاہی تسلیم کرنے اور معافی مانگنے میں کبھی عار محسوس نہیں کرتی ، اگر استعفے سے متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکتا ہے تو تیارہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق واقعے میں ذاتی غلطی یا براہ راست ذمہ داری نہیں بنتی کیونکہ جو معلومات دیگر اداروں کو موصول ہو رہی تھیں وہی انہیں بھی فراہم کی جا رہی تھیں،وزیر اطلاعات نے کہاوزیر اعلیٰ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی نگرانی کی، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے خاتون کی آخری لوکیشن کا جائزہ لیا اور حقائق سامنے لانے کےلئے متعلقہ حکام سے سخت سوالات کیے،وزیر اعلیٰ نے تحقیقاتی عمل کو تیز کرنے کےلئے ہنگامی اجلاس طلب کیا اور تحقیقاتی کمیٹی کو مزید 48 گھنٹے کی مہلت دی تاکہ تمام ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض اداروں نے واقعے کو ناممکن قرار دے کر کنفیوژن پیدا کی، متاثرہ خاندان کے ساتھ نامناسب رویے کی شکایات کی تحقیقات جاری ہیں، عظمیٰ بخاری نے دوٹوک انداز میں کہا کسی بھی قسم کی غفلت یا بدانتظامی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب مین ہولز کو محفوظ بنانے، حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہیں اس کے باوجود اگر کہیں کوتاہی ثابت ہوئی تو کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی، تعمیراتی مقامات کی موثر نگرانی متعلقہ افسران کی ذمہ داری، غفلت ناقابل قبول ہے۔
بھاٹی چوک واقعہ پر شرمندہ، غلطی تسلیم کرنے میں کبھی عار محسوس نہیں کرتی:عظمیٰ بخاری
















