اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن چیلنج

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جماعت اسلامی نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لینے کانوٹیفکیشن چیلنج کر دیا، عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

جسٹس اعظم خان نے درخواست پر سماعت کی، جماعت اسلامی اسلام آباد کے امیر نصر اللہ رندھاوا وکیل چودھری شعیب احمد کےساتھ عدالت میں پیش ہوئے،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا اس سے قبل لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو بھی عدالت میں چیلنج کیا جا چکا جبکہ اب الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول واپس لے لیا ۔

وکیل نے کہا اسلام آباد میں 2015 میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے جن کی 5 سالہ مدت مکمل ہو چکی ہے، بلدیاتی اداروں کی مدت ختم ہونے کے بعد 120 دن کے اندر نئے انتخابات کا انعقاد لازم ہے اس لیے الیکشن شیڈول واپس لینے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے کر فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی مرکزی کیس 27 جنوری کو مقرر ہے، اس وقت تک الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا جائے ،عدالت نے فوری حکم امتناع جاری کرنے سے انکار کر دیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔