اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس ،سپریم کورٹ بار کی ملاقات میں کیس مینجمنٹ بہتر بنانے پر اتفاق کرلیا گیا، سپریم کورٹ نے ماہانہ کاز لسٹ پیشگی جاری کرنے اور ڈی لسٹنگ سے 48گھنٹے قبل اطلاع دینے کا فیصلہ کر لیا۔
اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ میں ماہانہ کاز لسٹ پیشگی جاری کی جائےگی،ہفتہ وار کاز لسٹ بدھ تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،مقدمات کی ڈی لسٹنگ سے 48گھنٹے قبل اطلاع لازمی ہوگی، 24گھنٹے کے اندر ڈی لسٹ ہونے والے کیسز اسی ہفتے دوبارہ مقرر کیے جائیں گے،ابتدائی سماعت کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائےگا ،رواںسال زائد عمر کے قیدیوں کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے گا، سمجھوتے سے نمٹائے گئے کیسز بھی ابتدائی سماعت میں شامل ہوں گے۔
جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فیصلے و احکامات فوری طور پر ای میل کے ذریعے وکلا کو ارسال کیے جائیں گے، دوپہر کے بعد سماعت کے نئے طریقہ کار کی منظوری دی گئی ،فریقین کی مشترکہ درخواست پر ظہرانے کے بعد سماعت ممکن ہوگی ایسی سماعتوں میں التوا نہیں دیا جائے گا،برانچ رجسٹریز میں بینچز کا تعین مقدمات کی تعداد کے مطابق ہوگا ،رجسٹرار روزانہ 11سے سوا 11بجے تک شکایات سنیں گے۔
چیف جسٹس سے بار کے وفد کی ملاقات، کیس مینجمنٹ بہتر بنانے پر اتفاق

















