لاہور (مشرق نیوز) پنجاب حکومت نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی 2115 مستقل آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ نئی بھرتیاں مستقل سروس سٹرکچر کے بجائے مجموعی اور سپیشل پے پیکیج کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے سیکنڈری لیول ہیومن ریسورس رولز 2025 کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت 2115 نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے، تاہم یہ آسامیاں مستقل نہیں ہوں گی بلکہ فکس پیکیج پر متعارف کرائی جائیں گی۔
فیصلے کے نتیجے میں مستقل ملازمت، پنشن اورترقی کا نظام ختم ہو جائیگا،محکمہ صحت کا موقف ہے کہ نئی پالیسی سے اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی دستیابی بہتر ہوگی اور ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔
حکام کے مطابق نئی بھرتیاں سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی بنیاد پرکی جائیں گی۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے جاری مالی سال 2025-26 کے دوران ان نئی آسامیوں پر اخراجات کی اجازت بھی دے دی ہے،نئی پالیسی کا اطلاق صوبے کے تمام اضلاع میں کیا جائیگا۔
پنجاب : ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی 2115 مستقل آسامیاں ختم



















