پشاور،لاہور:(بیورورپورٹ،وقائع نگار) وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی 9مئی میں ملوث،پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری نے ویڈیوزکی تصدیقی رپورٹ تیار کر لی۔
پنجاب فرانزک لیبارٹری نے پشاورپولیس کی درخواست پر9 مئی واقعات کی ویڈیوز،آڈیو ویژول کا تجزیہ کیا،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، کامران بنگش، تیمور جھگڑا ،عرفان سلیم کے موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی۔
رپورٹ تھانہ شرقی کی بھجوائی گئی یو ایس بی میں موجود ویڈیوز پر مبنی ہے،یو ایس بی میں موجود 16 ویڈیوز کا فریم بہ فریم تجزیہ کیا گیا،متعدد ویڈیوز میں کسی قسم کی ایڈیٹنگ کے شواہد نہیں ملے، چند ویڈیوز میں لوگو ، ٹیکسٹ کے اضافے کی نشاندہی کی گئی،سہیل آفریدی ،عرفان سلیم کی 2ویڈیوز میں کلپس جوڑنے کے شواہد بھی سامنے آگئے۔
سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر کو 9 مئی کی ویڈیو سے ملا کر دیکھا گیا تو سہیل آفریدی کی پروفائل تصویر ،ویڈیو میں موجود شخص ایک ہی ہے،عرفان سلیم کی پروفائل تصویر کی بھی ویڈیوز میں موجود ہونے کی تصدیق ہوگئی، کامران بنگش کی پروفائل تصویر ،ویڈیو میں موجود شخص ایک ہی قرار دئیے گئے ،تیمور جھگڑا کی پروفائل تصویر ، ویڈیوز میں موجود شخص میں مطابقت پائی گئی،تمام تجزیہ صرف ویژول مواد تک محدود رکھا گیا ،رپورٹ کی تیاری 19 دسمبر سے 23 دسمبر 2025 کے دوران مکمل کی گئی۔
علاوہ ازیں ریڈیو پاکستان کیس میں نئے شواہد مل گئے ،پولیس نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو ملزم نامزد کرنے یا نہ کرنے پرمشاورت شروع کردی،ذرائع تفتیشی ٹیم نے کہا انویسٹی گیشن افسر، ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے آئی جی خیبرپختونخوا کو آگاہ کردیا،پولیس نے لیگل برانچ سے معاونت مانگ لی،پنجاب فرانزک لیب کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد مشاورت پر کام شروع کردیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ریڈیو پاکستان پر حملہ کیس ٹرائل کے بعد خارج، اڑھائی سال بعد غیر مصدقہ ویڈیوز کی بنیاد پر میڈیا ٹرائل کیا جا رہا ہے،میرا نام ایف آئی آر نمبر221میں ہے نہ کسی ضمنی چالان میں، مرکزی کیس میں بری کیا گیا، استغاثہ کا موقف عدالت میں ریزہ ریزہ ہوا۔
تیمور سلیم جھگڑا نے کہا وائرل سکرین شارٹس کا ریڈیو پاکستان واقعہ سے کوئی تعلق نہیں، ایک بھی ویڈیو پشاور کی نہیں،مہم وزیراعلیٰ اور ان افراد کےخلاف ہے جنہیں کبھی مقدمے میں نامزد نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے پی ودیگر پی ٹی آئی رہنما 9مئی میں ملوث،فرانزک رپورٹ سے تصدیق
















