جدہ ،اسلام آباد:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایک بار پھر وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، وحدت ،علاقائی سالمیت کےلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے صومالی لینڈ صومالیہ کا غیر متنازع و اٹوٹ علاقہ ، کوئی بیرونی ادارہ یا ریاست حقیقت کو بدلنے کا قانونی یا اخلاق حق نہیں رکھتی۔
جدہ میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا اسرائیلی اقدام صومالیہ کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ،اسرائیلی وزیر خارجہ کا صومالی لینڈ کا دورہ انتہائی تشویشناک ہے،بین الاقوامی قانون کے تحت ریاست کی خودمختاری ،علاقائی سالمیت لازمی ،اسرائیلی اقدام ہارن آف افریقہ ،بحیرہ احمر میں امن و سلامتی کےلئے خطرہ ہے، پاکستان نے او آئی سی ممالک کےساتھ اسرائیلی اقدام کو مشترکہ بیان میں مسترد کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہااسرائیلی اقدام بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ منشور کی خلاف ورزی ، خطے میں سنگین اثرات پیدا کرسکتا ہے، صومالیہ کی ترقی و استحکام کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی،غزہ میں جنگ کے خاتمے ،انسانی امداد کی فراہمی کےلئے کوششیں ضروری ہیں، پاکستان او آئی سی ،عرب ممالک کےساتھ فلسطینی حق خودارادیت کےلئے تعاون کرےگا،او آئی سی مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اقدامات کرے۔
اسرائیلی اقدام صومالیہ کی تسلیم شدہ سرحدوں پر براہ راست حملہ ہے،پاکستان

















