نجی ہاﺅسنگ میں غیرقانونی توسیع کرکے ہزاروں پلاٹس فروخت کرنیکا انکشاف

لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ اور پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز کے دائرہ اختیار اور قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ، ایل ڈی اے کے افسران اور گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے مالکان نے مبینہ ملی بھگت کرتے ہوئے سینکڑوں کنال رقبے پر غیر قانونی توسیع کر کے ہزاروں غیر منظور شدہ پلاٹس فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پارک اور مسجد کیلئے مختص رقبہ پر بھی کمی کرتے ہوئے پلاٹوں کی کٹنگ کر کے مکانات تعمیر کروا دئیے گئے ہیں۔ غیر قانونی طور پر توسیع شدہ رقبہ پر بغیر منظوری نقشہ درجنوں مکانات تعمیر کروائے جا رہے ہیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی سہولیات کیلئے مختص جگہ کو نجی افراد کو فروخت کرنے کی باز گشت سنائی دے رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور کی تحصیل واہگہ کے موضع کوٹ دھونی چند میں واقع 132 کنال سے زائد رقبہ پر محیط گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالکان اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی مبینہ ملی بھگت سے ایل ڈی اے ایکٹ 1975 اور پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کی کھلی اور سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 4،6 اور 10 یہ واضح کرتے ہیں کہ کوئی بھی سپانسر ایل ڈی اے سے ابتدائی منصوبہ بندی کی اجازت حاصل کئے بغیر کسی بھی قسم کی منصوبہ بندی یا ترقیاتی سرگرمی شروع نہیں کر سکتا۔ سوسائٹی کو منظوری کے وقت اپنی ملکیت میں موجود تمام اراضی اور اس کے لے آﺅٹ پلان کی مکمل تفصیلات فراہم کرنا ہوتی ہیں۔ منظور شدہ لے آﺅٹ پلان میں بیان کردہ حدود سے باہر جانا رول کی خلاف ورزی ہے۔ہاﺅسنگ سکیم کا رقبہ متصل ہو اور منظور شدہ پلان کے مطابق ہو۔ کوئی بھی ایسا علاقہ جو سپانسر کی ملکیت میں نہیں ہے یا جس کی منظوری نہیں لی گئی، اسے لے آﺅٹ پلان میں خارج شدہ علاقہ کے طور پر واضح طور پر نشان زد کیا جانا چاہیے۔ غیر قانونی توسیع اس معیار کی خلاف ورزی ہے۔جبکہ اس کے باجود گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے مالکان نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران نے تمام قواعد و ضوابط کو نظر انداز کرتے ہوئے مبینہ طور پر ساز باز ہو کر سینکڑوں کنال رقبہ کی غیر قانونی توسیع کرتے ہوئے ہزاروں پلاٹوں کی کٹنگ کر کے فروخت کیا جا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف تو عوام الناس سے کروڑوں روپے دھوکہ دہی سے وصول کئے کیا جا رہے ہیں وہاں دوسری طرف حکومتی خزانے کو بھی کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم کیا جا رہا ہے۔ سوسائٹی انتظامیہ نے ایل ڈی اے سے منظور شدہ لے آﺅٹ پلان میں از خود رد و بدل کرتے ہوئے A بلاک میں پارک کیلئے مختص رقبہ میں بھی کمی واقع کرتے ہوئے موقع پر پلاٹوں کی کٹنگ کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گھروں کو تعمیر کروایا جا رہا ہے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے مختص شدہ پلاٹ جسے رولز نمبر 4 کے تحت لازمی طور پر عوامی سہولت کیلئے لازمی قرار دیا گیا ہے، اس پر بھی قبضہ کر کے پلاٹ کی شکل میں ڈھال دیا گیا ہے جبکہ اسی طرح گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے بلاک B میں رہائشیوں کیلئے مسجد کی صورت میں مختص شدہ رقبہ سے ملحقہ ایریا پر غیر قانونی طور پر گھروں کو تعمیر کروا دیا گیا ہے۔ عوامی سہولیات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے مختص شدہ رقبہ جات کو نجی افراد کو فروخت کرنے کی باز گشت سنی جا رہی ہے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی چشم پوشی اور مبینہ ملی بھگت کے باعث سوسائٹی مالکان کو مکمل آزادی حاصل ہے کہ وہ شہری قواعد و ضوابط کی دھجیاں اڑائیں، جس سے نہ صرف شہریوں کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ لاہور کی شہری منصوبہ بندی اور ماحولیاتی توازن بھی شدید خطرے سے دوچار ہو چکا ہے۔ شہری اور سماجی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے فوری طور پر گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے تمام ریکارڈ کا آڈٹ کروائیں، غیر قانونی تعمیرات منہدم کی جائیں اور ملوث افسران و مالکان کے خلاف ایل ڈی اے ایکٹ 1975 کی شق 33 اور 34 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی پرائیویٹ ہاﺅسنگ اسکیم کو عوامی مفاد کے منصوبوں پر قبضہ کرنے کی جرات نہ ہو۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے ترجمان عاصم علی خان سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا کہ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کے مالکان نے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیرقانونی توسیع اور دیگر بے ضابطگیوں کے حوالے سے مذکورہ بالا خبر آپکا موقف درکار ہے۔ لیکن بار ہا کالز، ٹیکسٹ مسجیز، واٹس ایپ مسیجز پر رابطہ کیا گیا لیکن عاصم علی خان سے طرف کوئی وضاحت سامنے نہ آ سکی ہے۔ سوسائٹی مالکان یا سوسائٹی انتظامیہ کی طرف سے نامزد کردہ ترجمان اگر خبر کے حوالے سے اپنا موقف یا وضاحت پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا من و عن ان کے موقف کو شائع کرنے کا مجاز ہو گا۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ زون 1 کی ڈائریکٹر بشریٰ خالد کا کہنا ہے کہ کسی بھی ہاﺅسنگ سوسائٹی کو رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر منظور شدہ ایکسٹینشن کی توسیع یا مفاد عامہ کے برعکس ترقیاتی کاموں کو ہرگز برداشت نہ کیا جائیگا۔ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی کا سروے کروا لیتے ہیں اگر کسی قسم کی رولز کے حوالے سے کوئی خلاف ورزی سامنے آئی تو ادارہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائیگا۔