بگٹی قبیلے کے نئے سربراہ میر سرفراز کی دستار بندی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی ”بگٹی قبیلے‘ ‘کے نئے سربراہ منتخب ، قبیلے کے معتبرین اور عمائدین کی رضامندی سے سرفراز بگٹی کو بگٹی قبیلے کا نیا سربراہ منتخب کیا گیا، دستار بندی کی تقریب ان کے آبائی گھر بیکڑ میں منعقد کی گئی جس میں قبیلے کے نمایاں افراد، معززین اور مختلف شخصیات شریک ہوئیں،اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا خدمت سے دستار کا قرض اتارنے کی کوشش کروں گا، بگٹی اقوام تعلیمی اقدام میں بہت پیچھے رہ گئے، پہلے بھی بہت سارے بچے پاکستان کے بڑے کالجوں میں پڑھ رہے ہیں، بگٹی اقوام کے بچے بھی پاکستان کے بڑے اداروں میں تعلیم حاصل کریں گے، وزیراعظم کا شکرگزار ہوں، ہمارے علاقے میں دانش سکول دیا، دانش سکول کے ٹینڈرز ہو چکے، تکمیل بھی جلد ہوگی،بگٹی قبائل کے یتیم بچوں کیلئے ایک بلڈنگ تیار ہو رہی ہے جس میں 300 بیڈزکے ہاسٹل کا انتظام ہے، انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے بگٹی قبائل کے بچے یہاں تعلیم حاصل کرسکیں گے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا ہمارا جینا مرنا پاکستان کےساتھ ہے، بلوچ کو لاحاصل جنگ میں ڈالا گیا، بندوق کے ذریعے کوئی مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، ریاست کے دروازے آپ کےلئے کھلے ہیں، بندوق اٹھانے والے واپس آجائیں،جہاں ظلم ہوگا میں وہاں کھڑا ہوں گا، شہداءکے ورثاءکو تنہا نہیں چھوڑیں گے، آزادی کی نام نہاد جنگ نے سب کچھ تباہ کیا،گمراہ لوگ ہتھیار ڈال دیں، ریاست کو اپنی رٹ بحال کرنا آتی ہے۔