لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر آفس میں اختیارات کی جنگ تیز

لاہور (میاں ذیشان) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور آفس میں اختیارات کی جنگ شدت اختیار کر گئی۔ ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی طرف سے زیر انتظام سوسائٹیز میں ملکیت کی تصدیق کے حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہیب بٹ کو گزشتہ ایک سال سے بھجوائے گئے ہزاروں سرکاری مراسلہ جات سرخ فیتے کی نذر کر دئیے گئے ہیں۔ پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ، پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس اور دفتری ایس او پیز کی کے تحت ریونیو افسران ملکیت، ریکارڈ حقوق اور تصدیقی معاملات میں بروقت فیصلہ اور سرکاری اداروں کو معاونت فراہم کرنے کے پابند ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور کے اختیارات کے ناجائز استعمال، عدم دلچسپی اور ہٹ دھرمی کے باعث لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ہزاروں جائیدادوں کی منتقلی کا عملدرآمد رک گیا ہے جس سے ایک طرف سرکاری خزانہ ریونیو سے محروم ہو رہا ہے تو دوسری طرف شہریوں کے بنیاد ی حقوق کو بے رحمی سے پامال کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر لاہور آفس کے درمیان اختیارات کی کھینچا تانی نے خطرناک شکل اختیار کر لی ہے، جہاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہیب بٹ کا کردار انتظامی رکاوٹ، غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور دانستہ سرد مہری کی علامت بن کر سامنے آ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے کے مختلف شعبہ جات کی جانب سے زیر انتظام ہاﺅسنگ سوسائٹیز میں ملکیت کی تصدیق کیلئے گزشتہ ایک سال کے دوران 10 ہزار سے زائد سرکاری مراسلہ جات باقاعدہ طور پر ان کے نام ارسال کیے گئے مگر ایک بھی مراسلہ بروقت نمٹایا نہ جا سکا بلکہ سرکاری مراسلہ جات کو ہٹ دھرمی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سرخ فیتے نذر کر دیا گیا ہے۔ پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے سیکشن 33، 42 اور 44 ، پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس اور دفتری ایس او پیز ریونیو افسران کو اس عمل کا پابند کرتے ہیں کہ وہ ملکیت، ریکارڈ حقوق اور تصدیقی امور میں نہ صرف بروقت فیصلہ کریں بلکہ دیگر سرکاری اداروں کو مکمل معاونت بھی فراہم کریں گے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارتی کا ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے عمل کے دوران الاٹیوں کی ملکیت میں سقم منظر عام پر آنے پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہب بٹ کو باقاعدہ ملکیت کے تصدیق کے حوالے سے مراسلہ جاری کیا جاتا ہے کہ متعلقہ موضع جات میں ریونیو ریکارڈ میں ملکیت کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر کے دی جائے تا کہ ریکارڈ شفٹنگ کے عمل کو مکمل شفافیت اور ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جا سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور کی مبینہ عدم دلچسپی اور لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران کی پراسرار خاموشی کے باعث ایل ڈی اے کے تحت ہزاروں جائیدادوں کی منتقلی کا عمل عملاً منجمد ہو چکا ہے۔ اس سنگین صورتحال کے پیش نظر ایک طرف سرکاری خزانہ کو محض نااہلی یا کسی منظم مفاد کی تکمیل کے لئے دانستہ طور پر کروڑوں روپے کے ریونیو سے محروم کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف شہریوں کے آئینی اور بنیادی حقوق، خصوصاً حق ملکیت کو بے دردی سے یرغمال بنایا جا رہا ہے۔ جس سے متاثرہ شہری در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی طاہر محمود اور سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید سے اس غیر قانونی عمل پر انکوائری کمیٹی بنانے اور کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں ملوث افسران کو قانونی و محکمانہ مواخذے کے دائرے میں لا کر کیفرکردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) اس حوالے سے ترجمان لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایل ڈی اے کے ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے دوران اگر کسی فرد، افراد یا فرم کی ملکیت کے حوالے سے کسی قسم کا کوئی ابہام سامنے آتا ہے یا ایل ڈی اے ریکارڈ میں متعلقہ شخص کی ایگزیمپشن یا الاٹمنٹ کی ریونیو ریکارڈ میں ملکیت کی تصدیق کیلئے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی معاونت ضروری ہو تو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور سے تحریری مراسلہ کے ذریعے رابطہ کیا جاتا ہے کہ متعلقہ موضع جات سے ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کر کے رپورٹ مرتب کی جائے اور ادارہ کو ارسال کی جائے تا کہ شفٹنگ کے دوران میرٹ اور شفافیت کو ترجیحی بنیادوں پر پرکھا جا سکے۔ اگر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور سرکاری مراسلہ جات کے بروقت جواب دہی کے فرائض انجام دینے میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں تو ڈپٹی کمشنر لاہور کو اس پر فوری ایکشن لینا چاہئے اور ہنگامی بنیادوں پر اس سنگین مسئلے کو فوری حل ممکن ہو سکے۔ جب تک ریونیو ڈیپارٹمنٹ سے رپورٹ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ارسال نہیں کی جائے گی تب تک شفٹنگ کے عمل کو مکمل کر پانا ناممکن ہو گا۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور صہیب بٹ اور ترجمان ڈپٹی کمشنر حارث علی سلہری سے رابطہ کیا گیا ہے کہ اس سنگین مسئلے پر اپنے موقف کو واضح کریں لیکن ڈپٹی کمشنر آفس کو میسیج موصول ہونے کے باوجودہ مذکورہ بالا تینوں ذمہ داران شخصیات کی طرف سے لب کشائی کرنا مناسب ہی نہ سمجھا گیا جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور آفس کی طرف سے عوامی مفادات سے جڑے مسائل کا حل کوئی خاص وقعت نہ رکھتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو لاہور یا ترجمان ڈپٹی کمشنر اس خبر کے حوالے سے اپنا وضاحتی بیان جاری کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں انکی وضاحت کو من و عن شائع کیا جائیگا۔