لاہور (قمر عباس نقوی) پاکستان ریلویز سی بی اے پریم یونین کی مرکزی قائدین نے روزنامہ ”مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے میں اس وقت جو سب سے بڑا ستم ہے وہ یہ ہے کہ کلاس 4 کلرکس و دیگر شعبہ جات کے ملازمین کو تسلسل سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہی جس کے باعث غریب ملازمین اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہوگئے ہیں جبکہ عرصہ دراز سے ٹی اے، ڈی اے بھی بند ہے، اسے بھی بحال کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی مزدوروں کے حقوق کی بحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بحالی اور منافع بخش ادارہ بنانے کی خاطر حکومت اس میں انوسٹمنٹ کرے۔ پاکستان ریلوے ایمپلائز پریم یونین سی بی اے کے مرکزی صدر شیخ انور نے کہا کہ پاکستان ریلویز کے کلاس فور (گریڈ 1 تا 4) ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور مسلسل تاخیر نے ایک بار پھر ادارے کو بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ ملک بھر میں ریلوے کے نچلے درجے کے ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں ریلویز کے مالی حالات میں بہتری انہی کلاس فور کے کلریکل اور دیگر ملازمین کی محنت کا نتیجہ ہے۔ وفاقی وزیر ریلویز اس معاملہ میں اپنا کردار دا کرتے ہوئے ملازمین کی داد رسی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں بصورت دیگر حالات کشیدہ ہونے کا خدشہ ہو سکتا ہے۔ چیئرمین ضیاءالدین انصاری ریلویز کے مالی حالات میں بہتری کا فائدہ ملازمین تک پہنچنا چاہئے۔ کلاس 4کلیریکل سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی کو مستقل بنیادوں پر کرنے کی خاطر عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ریل کا پہیہ مزدور کی محنت سے رواں دواں ہے کلاس فور ملازمین جن میں گیٹ مین، ٹریک مین، چوکیدار، صفائی کا عملہ، ہیلپرز اور دیگر نچلے درجے کے کارکن شامل ہیں انہیں کئی ماہ سے بروقت تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔ بعض مقامات پر ملازمین کو ایک سے دو ماہ کی تنخواہیں تاحال موصول نہیں ہوئیں جبکہ اوور ٹائم، نائٹ الاو¿نس اور دیگر واجبات بھی روک لئے گئے ہیں۔ سینئر نائب صدر عبدالقیوم اعوان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے مطابق مہنگائی کے اس دور میں کم تنخواہ پر گزارا پہلے ہی مشکل تھا، لیکن تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے ان کے گھریلو حالات مزید خراب کر دئیے ہیں۔ ملازمین نے بتایا کہ گھروں کا کرایہ، بچوں کی فیسیں، بجلی اور گیس کے بل ادا کرنا ممکن نہیں رہا، جبکہ کئی افراد علاج کے اخراجات بھی برداشت نہیں کر پا رہے تنخواہیں کسی بھی سرکاری ملازم کا بنیادی حق ہیں، لیکن بدقسمتی سے پاکستان ریلویز میں سب سے زیادہ نظرانداز طبقہ کلاس فور ملازمین ہیں وفاقی وزیر ریلویز سے اپیل ہے کہ تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور مستقل نظام بنایا جائے ۔ چیف آرگنائزر خالد محمود چوہدری کا کہنا ہے کہ بارہا انتظامیہ کو تحریری اور زبانی طور پر مسائل سے آگاہ کیا گیا، مگر ہر بار صرف وعدے کئے۔ پاکستان ریلویز گزشتہ کئی برسوں سے مالی خسارے کا شکار رہا ہے، اگرچہ حالیہ برسوں میں آمدن میں اضافے کے دعوے بھی سامنے آئے ہیں۔ اس کے باوجود تنخواہوں کا بحران بار بار جنم لے رہا ہے، جس سے ادارے کی کارکردگی اور عوامی سروس بھی متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ تنخواہوں کو اولین ترجیح دیں اور پاکستان ریلویز کے مالی نظام میں مستقل بنیادوں پر اصلاحات کی جائیں۔ ہم وزیراعظم، وزیر ریلوے اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں اور کلاس فور ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ اعلیٰ افسران کو بروقت تنخواہیں اور مراعات مل جاتی ہیں جبکہ نچلا عملہ مشکلات میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔
ریلوے کلاس 4 کلرکس کے گھروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث فاقے
















