منفی پروپیگنڈے، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی کرناہوگی،عطا تارڑ
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پاک بھارت کشیدگی کے دوران ڈیجیٹل میڈیا نے موثر و اہم کردار ادا کیا،منفی پروپیگنڈے، فیک نیوز اور ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔
سی پیک میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا فیک نیوز ، مس انفارمیشن جیسے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ذرائع ابلاغ بالخصوص ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، پاک چین سٹریٹجک شراکت داری وقت کےساتھ مزید مضبوط ہوئی ،دونوں ممالک میڈیا سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کےلئے پرعزم ہیں۔
وزیر اطلاعات نے پاک چین دوستی کو تاریخی، مثالی ، لازوال قرار دیتے ہوئے کہا دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ،سی پیک نے نہ صرف معاشی ترقی کو فروغ دیا بلکہ معاشرتی اثرات بھی نمایاں ہیں، گیم چینجر منصوبہ مختلف ممالک کو باہم جوڑنے کا باعث بن رہا ہے،عالمی سطح پر پاکستان کا موقف موثر انداز میں اجاگر کرنے کےلئے ڈیجیٹل پاکستان ٹی وی کی بنیاد رکھی گئی ۔
چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا سی پیک میڈیا فورم 2015 سے میڈیا تعاون کا موثر پلیٹ فارم بن چکا ، فورم نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد ،عوامی رائے کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا،سی پیک پاکستان کی معاشی و سماجی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے،میڈیا فورم نے قرض کے جال جیسے بے بنیاد بیانیے کو حقائق و اعداد و شمار سے رد کیا،چینی معیشت دباو کے باوجود مستحکم رہی، پاکستان کے زر مبادلہ ذخائر پہلی بار 20 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے۔
جیانگ ژائی ڈونگ نے کہاعالمی اداروں نے پاکستان کا کریڈٹ آوٹ لک بہتر کر دیا، اگلے سال چین پاکستان سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہوں گے، دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی،میڈیا سی پیک کی کامیابیوں کا ترجمان اور پاک چین دوستی کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ ہے۔
















